• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’بابا اسٹیشن ماسٹر کیبن میں سفر کرنا چاہتے ہیں‘

سوشل میڈیا پر ثانیہ فاطمہ نامی صارف کی ایک پوسٹ کو وائرل کیا جارہا ہے جس میں وہ اپنے والد صاحب کی خواہش کو پورا کرنا کے لیے لوگوں سے مدد کی درخواست کر رہی ہیں۔

گزشتہ دِنوں ثانیہ فاطمہ نامی سوشل میڈیا صارف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اپنے والد کے لیے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں اُنہوں نے لکھا کہ  ُمیرے والد اسٹیشن ماسٹر کیبن میں کراچی سے حیدرآباد کا سفر کرنا چاہتے ہیں۔‘

ثانیہ فاطمہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میرے والد نے ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنز کے ساتھ شدید  قسم کا لگاؤ پیدا کیا ہوا ہے، ہم کراچی کے علاقے ناظم آباد میں رہائش پذیر ہیں لیکن میرے والد روزانہ کینٹ اسٹیشن جاتے ہیں اور وہاں جا کر ٹرینوں کو دیکھتے ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میرے بابا کینٹ اسٹیشن جاکر بیٹھ جاتے ہیں اور پھر اسٹیشن پر ٹرینوں کی آمد ورفت کوبغور دیکھتے ہیں، وہ وہاں گھنٹوں بیٹھ کر ٹرین کے انجنوں کو جُڑتے اور الگ ہوتے تے دیکھتے ہیں۔‘

اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا  کہ ’میرے والد بہت ہی معصوم اورسادہ سے انسان ہیں، اُن کی ایک ہی خواہش ہے اور وہ یہ ہے کہ وہ اسٹیشن ماسٹر کیبن میں کراچی سے حیدرآباد تک کا سفر کریں۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ میرے والد کی سب سے بڑی خواہش ہے، وہ بہت بیمار ہیں اور اُن کا علاج چل رہا ہے۔‘

آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ ’میرے والد صاحب کی اِس ماہ سالگرہ آنے والی ہے۔ اس موقع پر میں اُن کی اِس خواہش کو پُورا کرنا چاہتی ہوں۔‘

اُنہوں نے لوگوں سے مدد طلب کرتے ہوئے لکھا کہ ’ کیا کوئی اِس میں میری مدد کرسکتا ہے؟

واضح رہے کہ ثانیہ فاطمہ کی یہ پوسٹ صباحت نسیم نامی ٹوئٹر صارف نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی۔

 اِس پوسٹ کو سوشل میڈیا پر زیادہ سے زیادہ شیئر کیا جارہا ہے تا کہ ریلوے حکام اِس سلسلے میں ثانیہ فاطمہ کی مدد کرسکیں۔

تازہ ترین