• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سمندر میں شادی کی پیشکش کرتے ہوئے نوجوان ہلاک

تنزانیہ: سمندر کی گہرائی میں شادی کی پیشکش کرتے ہوئے امریکی نوجوان ہلاک


مشرقی افریقا کے شہر تنزانیہ میں سمندر کی گہرائی میں گرل فرینڈ کو شادی کی پیشکش کرتے ہوئے ایک امریکی نوجوان ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔

خلیج ٹائمز کے مطابق ’اسٹیون ویبر‘ نامی امریکی نوجوان اپنی گرل فرینڈ ’کینیشا انٹونی‘ کے ہمراہ چھٹیاں گزارنے تنزانیہ گئے ہوئے تھے جہاں وہ افریقہ کے مشرقی ساحل سے دور پیمبا جزیرے کےایک ریسٹورنٹ میں سمندر کی گہرائی میں واقع بیڈروم میں قیام پذیر تھے۔

ایک دن اسٹیون ویبر نے اپنی گرل فرینڈ کو منفرد انداز میں پروپوس کرنے کے لیے پانی میں غوطہ لگا دیا اور زیر آب اپنے کمرے کی کھڑکی کے شیشے پر ایک تحریری نوٹ چسپاں کیا، جس پر لکھا تھا کہ’میں اپنی سانس زیادہ دیر تک تھام نہیں سکتا تمہیں یہ بتانے کے لیے کہ میں تم سے متعلق کس کس چیز سے پیار کرتا ہوں، مگر میں تمھاری ہر چیز سے محبت کرتا ہوں، میں ہر گزرتے دن میں تم سے زیادہ محبت کرتا ہوں۔‘

دوسری جانب اُن کی گرل فرینڈ کینیشا انٹونی کمرے کے اندر سے سارے منظر کی ویڈیو بنا رہی تھیں۔


ویبر اپنی گرل فرینڈ کو انگوٹھی بھی دینا چاہتے تھے لیکن اس سے قبل ہی وہ ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ جس کے بعد کینیشا انٹونی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک جذباتی پوسٹ شیئر کیا اوراُس میں ویبر کے مرنے کی اطلاع دی اور بتایا کہ اُن کے ’ہاں‘ کرنے سے پہلے ہی ویبر یہ دنیا چھوڑ گئے۔

غوطہ خور ٹیم نے اسٹیون ویبر کی لاش کو سمندر سے نکال لیا۔

ریسٹورنٹ انتظامیہ نے میڈیا کو بتایا کہ اسٹیون بغیر اطلاع کیے اکیلے ہی گہرےسمندر میں غوطہ لگانے چلے گئے، اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں پہنچیں لیکن تب تک بہت دیر ہوگئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیون نے تیراکی والا چشمہ اور فلپرس پہنے ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود وہ ڈوب گئے۔

اسٹیون ویبر نے اپنے خط میں لکھا تھا کہ وہ اپنی سانس زیادہ دیر تھام نہیں سکتے اور واقعی وہ سانس زیادہ دیر تھام نہیں سکے اور ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔

تازہ ترین