• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہوری نوجوانوں نے آواز پر چلنے والی وہیل چیئر بناڈالی

سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے پاکستان میں آواز کے ذریعے چلنے والی جدید آٹومیٹک وہیل چیئر کی ویڈیو اپلوڈ کی۔

اسد عمر سے بات کرتے ہوئے آئیکو پرائیوٹ لمیٹڈ کے بانی فائز نے بتایا کہ وہ ایک سال کے اندر اندر 100 سے زائد وہیل چیئرز فروخت کر چکے ہیں۔

اس جدید وہیل چیئر کا نام گوبی رکھا گیا ہے۔ گوبی انسانی آواز پر حرکت کرتے ہوئے آگے پیچھے آتی جاتی ہے جبکہ دائیں بائیں مڑ بھی سکتی ہے۔

100 میٹر کی حدود میں اس جدید وہیل چیئر کو آپریٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔ گوبی کی بیٹری لانگ ٹرم ہے جس کی چارجنگ 25 کلومیٹر تک چل سکتی ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں فائز نے اپنی اس جدید وہیل چیئر کے بارے میں بتایا کہ دنیا میں الیکٹرک وہیل چیئر تو متعارف کی جاچکی تھیں تاہم انہوں نے اسی میں جدت لانے کے لیے وائس کمانڈ وہیل چیئر متعارف کروائی۔

اس وہیل چیئر کے متعارف ہونے سے قبل پاکستان میں الیکٹرک وہیل چیئر دوسرے ممالک سے درآمد کی جاتی تھیں۔ جس میں سے ایک وہیل چیئر کی قیمت دیڑھ لاکھ روپے تک ہوتی تھی ۔

فائز کا کہنا تھا کہ وہ ایک ایسی وہیل چیئر بنانا چاہتے تھے جس سے وہیل چیئر کو استعمال کرنے والا خود مختار ہو سکے ۔

فائز نے بتایا کہ انہیں وائس کنٹرولڈ وہیل چیئر بنانے میں تقریباً دیڑھ سال کا عرصہ لگا کیونکہ وہ لمس یونیورسٹی میں الیکٹریکل انجینئرنگ کے طالب علم بھی تھے۔

فائز کی تیار کردہ جدید وہیل چیئر پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کی پہلی وائس کنٹرولڈ وہیل چیئر ہے۔

فائز نے اپنی کمپنی آئیکو کے بارے میں بتایا کہ انہوں نے یونیورسٹی پروجیکٹ کے طور پر اس وہیل چیئر پر کام شروع کیا تھا مگر پاکستان میں اس وقت 8 سے 9 لاکھ افراد کو الیکٹرک وہیل چیئر کی ضرورت ہے جس میں سے صرف ایک فیصد افراد اس وہیل چیئر کو خریدنے کی استطاعت رکھتے ہیں۔

فائزنے بتایا کہ اس مسئلے کے پیش نظر انہوں نے ایک ٹیم تشکیل دی اور اپنے اس پروجیکٹ کوآئیکونامی کمپنی میں تبدیل کردیا۔

تازہ ترین