• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان میں امتیاز احمد کی بطور سفیر تعیناتی پر خصوصی تقریب

جاپان میں تعینات ہونے والے سفیر پاکستان امتیاز احمد کو بطور سفیر پاکستان جاپان میں خوش آمدید کہنے کے لیے جاپان کی معروف کاروباری تنظیم پاک جاپان بزنس کونسل اور اہم صحافتی تنظیم جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کی جانب سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں جاپان کی تمام اہم سیاسی ، سماجی ، مذہبی اور کاروباری تنظیموں نے شرکت کی اور انہیں سفیر پاکستان تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔

اس موقع پر سفیر پاکستان جیسے ہی تقریب کے مقام صدیق پیلس پہنچے تو پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے سفیر پاکستان امتیاز احمد کو گلدستہ پیش کیا جبکہ جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر عرفان صدیقی نے سفیر پاکستان کو خوش آمدید کہا ۔

اس موقع پر ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان اور سینئر نائب صدر ملک یونس بھی سفیر پاکستان کو خوش آمدید کہنے والوں میں شامل تھے ، سفیر پاکستان کو کمیونٹی رہنماوں کی معیت میں اسٹیج تک لے جایا گیا ،جس کے بعد سفیر پاکستان کو اہم کمیونٹی رہنماوں کی جانب سے گلدستے پیش کیے گئے جن میں عوامی نیشنل پارٹی جاپان کے صدر نعیم خان ، پیپلز پارٹی جاپان کے رہنما یاسر شاہ گیلانی ، کشمیر یکجہتی کونسل کے صدر شاہد مجید ، مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان ، سینئرنائب صدر ملک یونس ، ہکائدو سے معروف کاروباری شخصیت عمیر شفیق ، معروف مزہبی اسکالر کمال احمد رضوی ، اوتسکا مسجد کے ناظم ہارون قریشی ، پاکستان تحریک انصاف جاپان کے صدر احمد سعید بھٹی ، اسلامک سرکل آف جاپان کے رہنما خرم تحسین اور عبدالصمد ،اعجاز احمد ، ہم خیال گروپ جاپان کے رہنما ملک سلیم بوئیکی ، امجد تایا ، چوہدری روبی ،چوہدری شعیب ، چوہدری عظیم ، چوہدری فواد ، پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے سابق صدر چوہدری آصف محمود ، پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے موجودہ صدر شیخ ذوالفقار ،سینئر پاکستانی غالب کمال ،معروف صحافی راشد صمد خان ،معروف سماجی شخصیت حاجی انعام الحق ،سینئر لیگی رہنما قمر سوزوکی ، راجہ صابر ،سینئر پاکستانی ملک افضل ، معروف کاروباری شخصیت رمضان صدیق ، ناگویا سے مرزا انجم کمال ،ٹوکیو سے عمیر ظاہر ، آصف قمر ،چلی سے حاجی سلیم ،کاشف اعوان ،ناگانو سے میاں امجد علی تبسم ،پی آئی آے کے کنٹری مینجر بشیر احمد ، سینئر آفیسر رانا وحید ،نیشنل بینک آف ٹوکیو کے کنٹری مینجر ظہیر الدین بابر سمیت سفارتخانہ پاکستان کے پرییس قونصلر اشفاق خلیل نے سفیر پاکستان کو گلدستے پیش کیے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک جاپان بزنس کونسل نے سفیر پاکستان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سفیر پاکستان کی جاپان میں یہ چوتھی پوسٹنگ ہے اس کا مطلب ہے کہ سفیر پاکستان کو بھی جاپان سے پیار ہے اور جاپان کو سفیر پاکستان سے پیار ہے ، امتیاز احمد بطور سفیر پاکستان جاپان میں مقیم 10 ہزار پاکستانیوں کو براہ راست جانتے ہیں ان کے مسائل سے آگاہ ہیں امید ہے کہ ان کی تعیناتی سے پاکستانی کمیونٹی کے مسائل تیزی سے حل ہونگے وہ دعا گو ہیں کہ سفیر پاکستان کا جاپان میں وقت بہترین گزر سکے ۔

نون لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے سفیر پاکستان کی جاپان تعیناتی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے امتیاز حمد کو جاپان میں سفیر تعینات کرکے بہترین فیصلہ کیا ہے کیونکہ پاکستانی کمیونٹی کی بھی یہ شدید خواہش تھی کہ امتیاز احمد صاحب جاپان میں بطور سفیر خدمات انجام دیں امید ہے کہ انکی تعیناتی سے پاکستان اور جاپان کے تعلقات میں بہتری آئے گی ، ملک یونس نے کہا کہ ہم سفیر پاکستان کو جاپان میں خوش آمدید کہتے ہیں یہ ہمارے دل کی آواز تھی جو سن لی گئی اس کے لیے حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔

تقریب کے آخر میں سفیر پاکستان نے کمیونٹی سے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کے لیے جاپان میں بطور سفیر تعینات ہونا ایک اعزاز ہے ان کی اپنی بھی خواہش تھی کہ بطور سفیر جاپان میں خدمات انجام دے سکیں تاہم فیصلہ حکومت کو ہی کرنا تھا جو کر لیا گیا تاہم اب وقت ہے خدمت کا وہ پوری کوشش کریں گے کہ نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل حل ہوسکیں بلکہ پاکستان اور جاپان کے درمیان کئی اہم شعبوں میں تیز رفتار پیش رفت ہوسکے جن میں جاپان سے پاکستان میں سرمایہ کاری ، تعلیمی شعبے میں تعلقات میں اضافہ ، جاپان سے پاکستان جانے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ،پاکستان سے جاپان کے لیے برآمدات میں بھاری اضافہ اور پاکستانی افرادی قوت کو جاپان میں لانے کے لیے اقدامات سمیت پاکستانی طلبہ کو جاپانی جامعات میں داخلے میں اضافے جیسے معاملات ان کی اولین ترجیح ہیں ۔

سفیر پاکستان نے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین اور جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر عرفان صدیقی کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنھوں نے شاندار تقریب کا انعقاد کیا اور جاپان بھر کی نمائندہ تنظیموں کے نمائندوں کو اس اہم تقریب میں شرکت کی دعوت دی جن سے مل کر کمیونٹی کے مسائل کو جاننے کا موقع ملا۔

تازہ ترین