• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب، ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ

صوبہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں ڈینگی کے مرِیضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جبکہ پچھلے 24 گھنٹوں میں صوبے میں 196 نئے مریض سامنے آئے ہیں، جس کے بعد رواں برس ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 3 ہزار 5 سو 54 ہو گئی ہے۔

پنجاب، ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ


محکمہ صحت پنجاب کے مطابق رواں برس ڈینگی کے 3 ہزار 5 سو 54 مریض سامنے آئے جن میں سے 2 ہزار 8 سو 21 مریض واپس گھروں کو جا چُکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 213 مریضوں کو ڈسچارج کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بدترین نالائقی سے پنجاب میں ڈینگی کا مرض بڑھا

لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 نئے مریض داخل ہوئے، راولپنڈی میں ڈینگی کے 150 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ اِس وقت 7 مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں ڈینگی کے 150 مریض رپورٹ ہوئے، رواں سال ڈینگی سے 9 ہلاکتیں ہوئیں، تمام کا تعلق راولپنڈی سے ہے، راولپنڈی میں ڈینگی کی تشویشناک صورتحال پر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کمشنر کو خط لکھ دیا ہے کہ ان کے پاس ڈینگی مریضوں کے لیے ڈرپس سمیت دیگر ضروری سامان کی قلت ہے جبکہ ہولی فیملی اسپتال میں 200، بےنظیر اسپتال میں 200، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال میں 100ڈرپس کی فوری ضرورت ہے۔

فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال میں ڈینگی میں مبتلا ایک اور مریض دم توڑ گیا، 64 سالہ سعید اسلام آباد سے ڈینگی بخار میں مبتلا ہوکر الائیڈ اسپتال میں آیا تھا۔

بہاولپور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وکٹوریہ اسپتال میں داخل 4 مزید مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی جبکہ اِس وقت اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں ڈینگی کے 14 مریض زیرِ علاج ہیں۔

سرگودھا میں ڈینگی سےمتاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ 27 مریض داخل ہوئے جبکہ میونسپل کارپوریشن کی طرف سے بجٹ نہ ہونے کے باعث شہر میں اسپرے کا عمل بھی شروع نہیں کیا جا سکا۔

ملتان میں محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر عطاالرحمٰن کے مطابق نشتر اسپتال میں زیرِ علاج 2 مریضوں میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد ڈینگی سے مُتاثرہ افراد کی تعداد 25 ہو گئی ہے، ملتان کے نشتر اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں ڈینگی بخار میں مبتلا 18 مریض زیرِ علاج ہیں جبکہ شبہ میں 10 مریض زیرِ علاج ہیں جن کی رپورٹ کا انتظار ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق چکوال میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے شبعے میں مزید 6 مریض ڈی ایچ کیو اسپتال میں داخل کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین