• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: مزید 197 افراد میں ڈینگی کی تصدیق

پنجاب میں ڈینگی نے پنجے گاڑ لیے ہیں اور صورتِ حال قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہے، ڈینگی کے مچھر کا وار مسلسل جاری ہے۔

24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں مزید 197 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے۔

محکمۂ صحت پنجاب کے مطابق راولپنڈی میں 154، لاہور میں 9، سیالکوٹ اور ننکانہ صاحب میں 4، 4 ڈینگی کے نئے مریض اسپتالوں میں داخل ہوئے ہیں۔

محکمۂ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ خانیوال، منڈی بہاء الدین، اٹک اور وہاڑی میں ڈینگی کے 3، 3 مزید مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

وہاڑی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ڈینگی کے 6 مریض زیرِ علاج ہیں، اب تک اسپتال میں اس مرض میں مبتلا 28 مریض داخل ہو چکے ہیں۔

ملتان میں ڈینگی بخار میں مبتلا 3 مزید مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ڈینگی سے متاثرہ 26 مریض نشتر اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیرِ علاج ہیں۔

فیصل آباد میں 24 گھنٹوں میں مزید 3 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے، ڈینگی کے شکار 2 مریض الائیڈ اسپتال اور ایک سول اسپتال لایا گیا، جس کے بعد رواں سال کے دوران فیصل آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 97 ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیئے: مچھروں کو گھر سے کیسے دور رکھا جائے؟

بہاول پور کے وکٹوریہ اسپتال میں داخل 7 مزید مریضوں میں بھی ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے، گزشتہ 33 دنوں میں اسپتال میں ڈینگی کے 104 مریض داخل ہوچکے ہیں۔

محکمۂ صحت پنجاب کا مزید کہناہے کہ پنجاب کے مختلف اسپتالوں میں ڈینگی کے 509 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 9 زیرِ علاج مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

محکمۂ صحت پنجاب نے یہ بھی بتایا ہے کہ صوبے میں گزشتہ 3 ماہ کے دوران ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہو کر 9 افراد انتقال کر چکے ہیں۔

تازہ ترین