• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کے باتھ روم کی تعمیر کیلئے مفید تجاویز

آجکل گھروں میں بچوں کے لیے علیحدہ بیڈرو م اورعلیحدہ باتھ رومز کی تعمیر کا ٹرینڈ خاصا عام ہوگیا ہے،یوں کہہ لیں کہ جتنے لوگ اتنے ہی کمرے اور باتھ رومز۔ تعمیراتی ماہرین بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ دورِجدید میں والدین نقشہ سازی کے دوران دیگر کمروں کی بنسبت بچوں کے بیڈروم اور باتھ روم کی تعمیر کے حوالے سے خاصے پرجوش ہوتے ہیں، جس کے لیے انھوں نے پہلے ہی بہت کچھ سوچ رکھا ہوتا مگر اس کے باوجود بھی وہ انٹرنیٹ پر نئے ٹرینڈز کی تلاش یا آرکیٹیکچر سے گفت وشنید میں سرگرداں نظر آتے ہیں اور پھر ہر طرح سے مطمئن ہونے کے بعد بیڈروم اور باتھ روم کے ڈیزائن کو حتمی شکل دی جاتی ہے۔ 

آپ کو اس پریشانی سے بچانے کیلئے ہم زیر نظر موضوع میں بچوں کے باتھ ر وم ٹرینڈز کا ذکر کرنے جارہے ہیں۔ یہ ٹرینڈز تعمیری مرحلے کے دوران آپ کیلئے خاصے کار آ مد ثابت ہوں گے۔

دہرا وینیٹی سسٹم

صبح کے وقت عام طور سے افراتفری دیکھنے میں آتی ہے، ایک طرف آپ نے آفس کے لیے نکلنا ہوتا ہے تو دوسری جانب بچوں کو وقت پر اسکول پہنچانے کی فکر لگی ہوتی ہے۔ اگر گھر میں بچے زیادہ ہیں اور ان کے لیے مختص کیا گیا باتھ روم صرف ایک ہو تو ایسے میں اکثر والدین کو صبح کے وقت کافی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑجاتا ہے۔ 

اس مشکل سے بچنے کے لیے بچوں کے باتھ روم میں دہرا وینیٹی سسٹم ترتیب دیا جاسکتا ہے ۔ مثال کے طور پر ایک کے بجائے ڈبل وینیٹی اسٹیشن ، اس کی تعمیر کے لیے ڈبل واش بیسن اور ڈبل اسٹوریج سسٹم نصب کروایا جاسکتا ہے تاکہ دو بچوں کو ایک ہی وقت میں اسکول کے لیے تیار کیا جاسکے۔

ڈبل نل

اگر آپ کو ڈبل وینیٹی سسٹم آئیڈیا پسند آیا ہے لیکن محدود جگہ کے سبب بچوں کے باتھ روم میں ڈبل وینیٹی سسٹم کی تعمیر ممکن نہیںبنائی جاسکتی تو پریشان نہ ہوں ، آپ چاہے بچوں کے باتھ روم میں واش بیسن ایک ہی نصب کروائیں لیکن دہرے نل کی تنصیب کے ذریعے اس باتھ روم کوکڈز فرینڈ لی بناسکتے ہیں۔ 

مثال کے طور پرآپ بچوںکے با تھ روم میں چھوٹے سنک کے بجا ئے ایک بڑا سنک لگواسکتے ہیں، ساتھ ہی دہرے نل کی تنصیب بھی کروائی جاسکتی ہے۔یہ دہرا سسٹم دو بچوں کے لیے کار آمد ثابت ہوگا۔

شوخ رنگوں کا استعمال

باتھ روم کی تعمیر کے دوران رنگ خاص اہمیت کے حامل ہوتے ہیں ، لیکن جب بات ہو بچوں کے باتھ روم کی تو رنگوں کا استعمال خاصی احتیاط کا متقاضی ہوتا ہے۔ گزشتہ برس کی بات جائے تو بچوں کے باتھ روم کے لیے بولڈ کلر ٹرینڈ ز کا حصہ تھے، تاہم اس برس ٹرینڈ کچھ مختلف ہیں۔ 

آپ ہلکے اور گہرے رنگ کے امتزاج کے ساتھ بچوں کے باتھ روم کے لیے شوخ رنگوں کا استعمال منفرد انداز میں کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر باتھ روم میں اگر فرش اور دیوار کیلئے ہلکے رنگوں کا استعمال کیا جائے تو باتھ ٹب اور واش بیسن کے لیے شوخ رنگوں کا استعمال ضروری ہوجاتا ہے ۔

اسٹیپ اسٹول

ریستوران یا پبلک مقامات کی بات کی جائے تو وہاں عموماً کم اونچائی والے سنک دکھائی دیتے ہیں تاکہ ریستوران میں آنے والے تمام تر افراد بآسانی باتھ روم استعمال کرسکیں۔ لیکن یہ سنک گھروں میں مثالی ثابت نہیں ہوسکتے، لہٰذا آ پ بچوں کے باتھ روم کے لیے عام اونچائی والے سنک لگوائیں۔ 

چونکہ بچوں کا قد چھوٹا ہوتا ہے تو اس سنک کو کڈز فرینڈلی بنانے کے لیے فرش پر لکڑی کے اسٹیپ اسٹول نصب کروائے جاسکتے ہیں۔ بچوں کے باتھ روم کے لیے اسٹائلش اسٹول کے انتخاب کے بجائے لکڑی کے سادہ اور حفاظتی اسٹول کا انتخاب کریںتاکہ باتھ روم کے استعمال میں حفاظتی اصول نظر انداز نہ ہوں۔

بلٹ اِن اسٹوریج

رواں برس کے باتھ روم ٹرینڈز کے تحت باتھ ٹب کی تنصیب کیلئے ایک علیحدہ ایریا مختص کیا جارہا ہے۔ اس ایریا میں باتھ ٹب یا شاور وغیرہ کی تنصیب ماڈرن باتھ روم کو روایتی باتھ روم سے قدرے مختلف کرتے ہوئے اسے اسٹائلش بناتی ہے۔ آپ بچوں کے باتھ روم کیلئے بھی علیحدہ سے با تھ ٹب ایریا مختص کرسکتے ہیں۔ 

اس ایریا کیلئے بلٹ اِن اسٹوریج سسٹم کڈز باتھ روم ٹرینڈ کا حصہ ہے، جس کے تحت باتھ ٹب کی دیوار پر بلٹ اِن شیلف بنوائے جاتے ہیں۔ یہ شیلف کم ازکم تین اور زیادہ سے زیادہ چار ہونے چاہیں، جہاں آپ بچوں کیلئے تولیہ، صابن، شیمپو اور باتھ روم کی آرائشی اشیا رکھ سکیں۔

بولڈ کاؤنٹر ٹاپ

بچوں کے باتھ روم کیلئے ان دنوں سفید رنگ روغن ٹرینڈ کا حصہ ہےلیکن چونکہ بچے شوخ رنگ وروغن سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ لہٰذا آپ اس باتھ روم میں بچوں کی دلچسپی پیدا کرنے کیلئے شوخ رنگ کے کاؤنٹر ٹاپ کا اضافہ کرسکتے ہیں۔ ایک ایسا کاؤنٹر ٹاپ جو نچلے حصے میں کیبنٹ اوردرازوں پر مشتمل ہو، جہاں آپ بچوں کے کپڑے ، تولیہ، شیمپو وغیرہ رکھ سکیں۔

ملٹی کلر وال پیپر

باتھ روم کی دیواروںکے لیے وال پیپر کا استعمال کئی عرصے سے مقبول ہے، اگر آپ بھی بچوں کے باتھ روم کی دیواروں پر وال پیپر لگوانا چاہتے ہیںتو ملٹی کلر کے ڈاٹ پرنٹ وال پیپر کا انتخاب کیجیے۔ یہ وال پیپر بچوں کے باتھ روم کی خوبصورتی بھی بڑھائے گا اور آپ کی بچے کی دلچسپی بھی۔

تازہ ترین