• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رویت ہلال کمیٹی ماہ صفر کی غلط اطلاع دینے پر معافی مانگے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے رویت ہلال کمیٹی سے صفر کے مہینے کی غلط اطلاع دینے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ صفر کے مہینے کے لیے تصاویر جاری کی ہیں جس سے چاند کی شہادت دیکھی جا سکتی ہے۔

انہوں نے رویت ہلال کمیٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 80 برس کے بابوں کی بجائے نوجوانوں کو چاند دیکھنا چاہیے ، ہم 80 کی دہائی سے اس معاملے پر پھنسے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ میں منسٹری میں اصلاحات لے کر آیا ہوں، نیا اسلامی کیلنڈر جاری کیا ، مشین سے چاند نہیں دیکھ سکتے تو پھر عینک سے بھی چاند نہیں دیکھا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیے: انڈین میڈیا فواد چوہدری کے پیچھے پڑ گیا

ان کا کہنا تھا کہ عقل اور شعور رکھنے والا طبقہ بات سمجھ سکتا ہے جبکہ ملک کا ایک طبقہ ایسا بھی ہے جس سے بات ہی نہیں کی جاسکتی۔

واضح رہے کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ پر یکم صفر کی تاریخ 30 ستمبر بتائی گئی تھی جب کہ رویت ہلال کمیٹی نے یکم اکتوبر سے ماہ صفر کے آغاز کا اعلان کیا۔

اپوزیشن جماعتوں پر تنقید

اپوزیشن جماعتوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پی پی اور نون لیگ بغیر پیسہ دیے قیادت کی رہائی چاہتے ہیں، جبکہ ہم تو آج بھی کہتے ہیں کہ پیسے دو اور ابو لو۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ایک دوسرے پر کیسز بنائے، ہم نے کوئی کیس نہیں بنایا، ہمارے تو اپنے لوگوں کے خلاف نیب کی کارروائیاں ہوئی ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون صرف اپنی قیادت کی رہائی چاہتی ہے، ان دونوں جماعتوں کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے، یہ مولانا فضل الرحمنٰ کو استعمال کر رہی ہیں۔

مولانا فضل الرحمنٰ کا دھرنا

وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا مدارس کے طلباء کو چارے کی طرح استعمال کرنا چاہتے ہیں، میری خواہش ہے کہ مولانا فضل الرحمنٰ دھرنے کی تاریخ پر قائم نہ رہیں۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمنٰ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نئے الیکشن کا مطالبہ بلا جواز ہے، مولانا صاحب کا نئے الیکشن سے کیا تعلق ہے وہ تو 60 سیٹوں سے زائد الیکشن نہیں لڑتے۔

جے کے ایل ایف مارچ

فواد چوہدری نے کہا کہ ایل او سی کی طرف مارچ کرنے والوں سے درخواست ہے کہ ایسا نہ کریں، کنٹرول لائن عبور کرنے کا مطلب ایک نئے وار زون میں داخل ہونا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی بیانیے کی حمایت کرنے والے کشمیری رہنما بھی آج جیلوں میں ہیں، اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے کشمیر میں بڑا چیلنج ہے، آزاد کشمیر کے لوگ اپنے کشمیری بھائیوں پر بھارتی جارحیت کے خلاف بھڑکے ہوئے ہیں۔

شاہی خاندان کی پاکستان آمد

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچز اور برطانوی شاہی خاندان کے افراد کی پاکستان آمد سے ملک کا امیج بہتر ہو رہا ہے، ملک میں اقتصادی استحکام آ رہا ہے اسے کمزور نہیں کرنا چاہتے۔

مستقبل کے اہداف

منسٹری میں اصلاحات لے کر آیا ہوں، فواد چوہدری


وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی نے بتایا کہ میں منسٹری میں اصلاحات لے کر آیا ہوں وزیرِ اعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ ڈرون پر عائد پابندی ختم کی جائے، ڈرون ٹیکنالوجی ذراعت کے شعبے میں بہت زیادہ کارآمد ہو سکتی ہے اور اس کے ذریعے اسپرے کا کام کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور اور اسلام آباد میں زیرِ زمین پانی کی سطح تیزی سے گر رہی ہے اور ہر سال پانی ایک میٹر نیچے جا رہا ہے، اس سلسلے میں ایل ڈی اے اور سی ڈی اے کو واٹر ری چارج کی آفر کی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کچرے سے گیزر کے لیے گیس بنانےکی تجویز دی ہے، اس کے علاوہ ہم نے بیٹری ریسرچ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے پاکستان اپنی بیٹری بنائے گا، جبکہ ہم جہلم میں جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑا بائیو ٹیکنالوجی پارک بھی بنا رہے ہیں۔

تازہ ترین