• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی فلم، ’دی پرفیکٹ کینڈیڈیٹ‘ آسکر کے میدان میں....

سعودی عرب نے آئندہ آسکر فلمی میلے میں فارن کیٹگری میں ہیفا المنصور کی فلم ’دی پرفیکٹ کینڈیڈیٹ‘ (The Perfect Candidate) کی نامزدگی کردی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق ہیفا المنصور کی اس فلم کا انتخاب بین الاقوامی فلمی میلے میں شرکت کے بعد کیا گیا ہے۔ 

اس نے ستمبر میں وینس کے بین الاقوامی فلمی میلے میں ’گولڈن لائن ایوارڈ ‘ کے لیے مقابلہ کیا تھا،جو سعودی سینما کی تاریخ میں ایک مثال ہے۔فلم ’دی پرفیکٹ کینڈیڈیٹ‘ سعودی ڈائریکٹرہیفا المنصورنے تیار کی ہے جس میں سعودی خواتین کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔ہیفا المنصور کی اس فلم میں دیگر کرداروں میں میلا الزہرانی جو فلم میں مریم کا کردار ادا کررہی ہیں اور اسی طرح نورہ العوض نے سارہ کا کردارنبھا یا ہے۔ 

اس فلم کی کہانی ہیفا المنصور اور براڈ نیمان نے تحریر کی ہے۔ فلم سعودی عرب میں تیار کی گئی ہے۔عربی زبان میں تیار ہونے والی 101منٹ کی اس فلم میں سعودی خواتین کے مسائل اور ترقی کے سفرکو اجاگر کیا گیا ہے۔ فلم کی کہانی ایک ایسی خاتون ڈاکٹر کی ہے جو سعودی خواتین کے بااختیار ہونے کے حوالے سے معاشرتی رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے انتخاب لڑتی ہے۔

ہیفا المنصور اس سے قبل 2013ءمیں فلم ’وڈجڈا‘ کے ساتھ آسکر کے مقابلے میں حصہ لے چکی ہیں جبکہ 2017 میں بھی سعودی عرب کی نمائندگی کرچکی ہیں۔

تازہ ترین