• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایسٹ لندن میں چھاپے 43 افراد گرفتار ، ہتھیار اور منشیات پر قبضہ

لندن (پی اے) ایسٹ لندن میں پولیس نے علی الصباح چھاپوں کے دوران 43 افراد کو گرفتار کر کے ہتھیار اور منشیات برآمد کر کے قبضے میں لے لیں۔ سکاٹ لینڈ یارڈ نے کہا کہ بدھ اور جمعرات کو علی الصباح یہ چھاپے 50 پراپرٹیز پر مارے گئے۔ یہ پراپرٹیز الفورڈ، ڈیگنہیم، ہیورنگ اور ایسٹ لندن کے دیگر علاقوں میں واقع ہیں۔ جمعرات کو گرفتار کیے جانے والے افراد پر آتشیں اسلحہ رکھنے اور کلاس اے منشیات سپلائی کرنے کی نیت سے رکھنے اور دیگر جرائم کا شبہ تھا۔ 19 افراد کو منشیات سے متعلق آفنسز میں چارج کر دیا گیا۔ پولیس کے یہ علی الصباح چھاپے کئی مہینوں سے جاری آپریشن لین سٹاک کا حصہ ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان چھاپوں کے دوران مشتبہ افراد سے منشیات، اسلحہ، دستاویزات اور موبائل فون قبضے میں لے کر ضبط کر لئے گئے۔ میٹرو پولیٹن پولیس ایسٹ ایریا کمانڈ یونٹ کے ڈیٹیکٹیو سپرنٹنڈنٹ جیمی پیسکوپو نے کہا کہ ہم آفنڈرز کی نشاندہی اور ان کو تلاش کرنے اور پکڑنے کیلئے دن رات کام کر ر ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مجرم قانون کی پاسداری کرنے والی کمیونٹیز کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرتے ہیں۔ ہماری ترجیح ہے کہ تشدد کے واقعات میں کمی لائی جائے, کیونکہ ان کا تعلق منشیات کی سپلائی اور استعمال سے ہے اور یہ سنگین جرائم کی بنیاد بھی بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورت حال کی وجہ سے خاص علاقوں میں رہنے والے افراد کا معیار زندگی اور کام بھی متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دن کی آپریشنل سرگرمی ان لوگوں کی تشویش کا موثر رسپانس ہے۔ پسکوپو نے کہا یقیناً کسی ایک آپریشن یا کارروائی کے ذریعے کسی بھی مخصوص علاقے سے غیر قانونی منشیات کے کاروبار کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا لیکن ہم ریڈ برج میں کاروبار میں رکاوٹ ڈالنے والے افراد کو پکڑنے کیلئے کارروائی مسلسل جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس اس حوالے سے معلومات ہوں تو وہ چیرٹی کرائم سٹاپرز سے رابطہ کرے۔  
تازہ ترین