• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے 2 بڑے خساروں پر قابو پالیا، حفیظ شیخ

مشیرِ خزانہ عبدالحفیظ شیخ کہتے ہیں کہ پاکستان نے 2 بڑے خساروں بیرونی تجارتی اور مالیاتی خسارے پر قابو پا لیا ہے۔

عبدالحفیظ شیخ کی پریس کانفرنس


فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیرِ خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت نے تجارتی خسارے میں 32 فیصد کمی کی، جبکہ مالیاتی خسارے میں 35 فیصد کمی کی اور ریوینیو میں 16 فیصد اضافہ کیا گیا، رواں مالی سال تجارتی خسارہ 9 ارب ڈالر سے کم ہو کر 5 اعشاریہ 7 ارب ڈالر ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ سیکٹر کو تمام شعبوں میں سبسڈی دی جا رہی ہے، 3 مہینے میں اسٹیٹ بینک سے کوئی قرض نہیں لیا، 5 لاکھ نئے لوگوں کو ٹیکس کے دائرے میں لایا گیا، ایکسچینج ریٹ میں استحکام آ گیا ہے، آئی ایم ایف، عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک سے 10 ارب ڈالر ملے۔

عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ مالی سال کے پہلے 3 مہینے میں 340 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری آئی، بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ملازمتوں میں اضافے کی کوشش کی گئی ہے، پچھلےسال ماضی کی نسبت ڈیڑھ لاکھ اضافی لوگ ملازمت کے لیے ملک سے باہر گئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اخراجات کم کیے گئے، سویلین حکومت کے اخراجات میں 40 ارب روپے کمی کی گئی، وزیرِ اعظم آفس کے اخراجات میں بھی کمی کی گئی، 3 ماہ کے دوران کوئی ادھار نہیں لیا گیا، برآمدات کے شعبے کو سبسڈی دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایکسچینج ریٹ کو ایک حد تک رکھنے کے لیے کئی ارب ڈالر ضائع کیے گئے، 3 ماہ سے ایکسچینج ریٹ میں استحکام آ گیا ہے، ہم نے کوشش کی ہے کہ ایکسچینج ریٹ مارکیٹ کے تحت ہو، باہر سے سرمایہ کاری کے لیے 340 ملین ڈالر اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد پاکستان کی معیشت سے متعلق بیرونی سرمایہ کار پُراعتماد ہو گئے۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے برآمدی سیکٹر کی مدد کی جس کے نتائج آنے لگے ہیں، گزشتہ 5 سال میں برآمدات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، فیکٹریز میں سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں، ملازمتیں نکلیں گی، جنوری تا اگست 3 لاکھ 73 ہزار افراد ملازمتوں کے لیے بیرون ملک گئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس ہر انڈسٹری کی مدد کے وسائل نہیں، کوشش ہے کہ 5 بڑے برآمدی سیکٹرز کی مدد کی جائے، معیشت کے مشکل فیصلوں سے بہتری آ رہی ہے، پی ایس ڈی پی میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں سال زیادہ پیسے جاری کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیئے: پہلے 2 ماہ جمع ریونیو میں25 فیصد اضافہ کیا، حفیظ شیخ

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے مزید کہا کہ اسمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز پر آئندہ 2 ہفتوں میں پالیسی آ رہی ہے، حکومت کا خیال ہے کہ برآمدی شعبے میں دیگر شعبوں کو شامل کیا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں عوام کے فائدے کے لیے کر رہے ہیں، پیٹرول کی قیمت اس لیے نہیں بڑھی کیونکہ کرنسی میں استحکام آیا ہے، حکومتی پالیسیوں سے معیشت میں استحکام آگیا ہے، جس کا عوام کو فائدہ ہوگا۔

اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے، دبئی حکام سے اقامے کے غلط استعمال پر بات ہوئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم یو اے ای کو یہ نہیں کہہ رہے کہ اقامہ پالیسی بدلے، دبئی لینڈ اتھارٹی جائیدادوں کی معلومات فراہم کرے گی، اب اقامے کا غلط استعمال نہیں ہو سکے گا۔

تازہ ترین