• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ریلوے کی سکھ یاتریوں کیلئے خصوصی ٹرین، شیڈول بھی جاری

پاکستان ریلوے نے سکھ مذہب کے بانی گرو نانک صاحب کے 550ویں جنم دن کے موقع پر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد کرتار پور سے واپس اپنے علاقوں کو آنے والے یاتریوں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کرلیا۔

یاتریوں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ


ننکانہ صاحب سے کراچی جانے والی خصوصی ٹرین کے شیڈول کا بھی اعلان کردیا گیا۔

پاکستان ریلوے کے مطابق یہ خصوصی ٹرین صبح 10 بجے ننکانہ صاحب کے ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوگی جو شورکوٹ، خانیوال، روہڑی، نواب شاہ، شہداد پور اور پھر حیدرآباد سے ہوتی ہوئی اگلے دن صبح 11:50 پر کراچی سٹی اسٹیشن پہنچے گی۔

سکھ یاتریوں کے لیے اس خصوصی ٹرین میں ان کے سفر کو آسان بنانے کے لیے سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں لوئر اے سی کوچ میں مسافروں کی نشستوں کو ہٹا کر ایک ہال بنادیا گیا ہے اور وہاں وہاں کارپیٹ پچھادیے گئے ہیں تاکہ سکھ یاتری اپنی عبادات کر سکیں۔

اس کے ساتھ ساتھ پوری ٹرین کی ایک کوچ گرو گرانتھ صاحب کے لیے مختص کردی گئی ہے۔

پاکستان ریلوے کی جانب سے اس خصوصی ٹرین کو بابا گرو نانک صاحب، ان کی جائے پیدائش ننکانہ صاحب اور ان کی آخری آرام گاہ دربار صاحب کرتار پور سمیت دیگر مذہبی اشیا کی تصاویر سے سجادیا گیا ہے۔

پاکستان میں موجود سکھ برادری نے پاکستان ریلوے کے اس اقدام کی تعریف کی۔

خیال رہے کہ چند روز قبل خصوصی ٹرین نے یاتریوں کو کراچی سے مذکورہ راستے سے ہوتے ہوئے ننکانہ صاحب پہنچایا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس وزیراعظم عمران کی تقریب حلف برداری کے لیے آئے بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر اور سابق کرکٹ نوجوت سنگھ سدھو نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان سے غیر رسمی ملاقات کے دوران کہا تھا کہ پاکستان بابا گرو نانک صاحب کے 550ویں جنم دن کے موقع پر کرتارپور راہداری کھولنے پر غور کر رہا ہے۔

اس اعلان کے بعد پاکستان نے اس راہداری پر کام مزید تیز کیا اور باباگرو نانک صاحب کے 550ویں جنم دن سے قبل اسے مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

کرتار پور راہداری کے کھلنے اور پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے رواں برس گرونانک صاحب کے اس جنم دن پر سکھ یاتریوں کے لیے سہولیات دنیا کی نگاہوں کا مرکز ہوسکتی ہیں۔

تازہ ترین