• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں تعلیمی اداروں کو نوگو ایریا بنا دیا گیا، پشتون ایس ایف

کوئٹہ(آئی این پی)پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کےصوبائی چیئرمین عالمگیر مندوخیل، ڈپٹی چیئرمین مزمل خان کاکڑ اور ممبر معصوم خان میرزئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں تعلیمی اداروں کو نوگو ایریاز بنا دیا گیا۔ عمران خان گورنر ہاوس کو یونیورسٹی بناتے بناتے تعلیمی اداروں کو گورنر ہاوس بناگئے، جہاں خود طلبا کی رسائی ناممکن بنا دی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ تعلیمی اداروں میں سیکورٹی اداروں کی مداخلت سے صوبے میں تعلیمی ماحول نہایت ہی متاثر ہورہا ہے جہاں کالجز اور یونیورسٹیاں پرامن تعلیمی ماحول مہیا کرنے کی بجائے جنگ کے میدان کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں ایسے دہشت کے ماحول سے طلبا و طالبات کے ذہنوں پر نہایت ہی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں جو صوبے کے لوگوں کو تعلیم سے دور رکھنے اور اندھیروں میں دھکیلنے کا ایک باقاعدہ منصوبہ اور سوچی سمجھی سازش ہے۔ بیان میں گزشتہ روز بلوچستان یونیورسٹی میں پولیس کی جانب سے طلبا پر تشدد جبکہ لا کالج میں پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز کی طلبا سے زبردستی اور ہاتھاپائی کی مذمت کی گئی۔ ایسے واقعات یونیورسٹی اور کالج انتظامیہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں جہاں طلبا کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اپنایا جاتا ہے۔بیان میں یونیورسٹی لا کالج کیلئے ایچ ای سی کے مطلوبہ تعلیمی معیار پر پورا نہ اترنے والے پرنسپل کی مدت ملازمت میں توسیع کی مخالفت کی گئی۔
تازہ ترین