• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم کا دورۂ ایران خلیجی خطے میں امن کیلئے اہم ہوگا، فردوس عاشق

وزیرِ اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا دورۂ ایران خلیجی خطے میں امن و سلامتی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے ثالثی کا کردار اُمتِ مسلمہ اور دُنیا کی طرف سے وزیرِ اعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان دُنیا بھر میں نئے، پُرعزم، بااعتماد، باوقار اور روشن پاکستان کا چہرہ متعارف کرا رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ اقوامِ متحدہ میں وزیرِ اعظم عمران خان کی تقریر ایک عالمی مدبر مسلم رہنما کا خطاب تھا، اُنہو ں نے دوٹوک الفاظ میں پوری امتِ مسلمہ کی ترجمانی کی۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان ایک روز کے دورے پر آج ایران روانہ ہوئے ہیں، اُن کے ہمراہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاونِ خصوصی ذوالفقار بخاری بھی ہیں۔

تازہ ترین