• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمٰن کے غیر قانونی اقدام کیخلاف ایکشن ہوگا، شوکت یوسفزئی

فضل الرحمٰن کے غیر قانونی اقدام کیخلاف ایکشن ہوگا، شوکت یوسفزئی


خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے غیر قانونی اقدام کے خلاف ایکشن ہوگا۔

پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں شوکت یوسفزئی نےمولانا فضل الرحمٰن کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

انہوں نےکہاکہ مولانا فضل الرحمٰن نے پرائیویٹ ملیشیا لا کر آرٹیکل 152 کی خلاف ورزی کی،لوگوں کو اکسانا نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی ہے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو احتجاج کا حق ہے مگر احتجاج کے نام پر خون خرابے اور ڈنڈا بردار لوگوں کو سڑکوں پر لانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہاکہ مولانا صاحب حکومت کے خلاف بےبنیاد مہم چلانا چاہتے ہیں، میں پوچھتا ہوں، اگر ہماری حکومت گئی تو کیا مولانا فضل الرحمٰن وزیر اعظم بن سکیں گے؟

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن جو حلقہ کھولنا چاہتے ہیں بتائیں حکومت حلقہ کھولنے کے لئے تیا رہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مولانا نے 5000 لوگوں کو لانے کی دعوٰی کیا تھا لیکن 1200لوگ جے یو آئی (ف) کے کنونشن میں آئے۔

انہوں نےمزید کہا کہ فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں سے امن قائم ہوا ہے، مولانا فضل الرحمٰن امن کے دشمن ہیں۔

صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اگر احتساب کا عمل روک لے تو کسی بھی پارٹی کو کوئی گلہ نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا اپنے سیاسی اختلافات کو سیاسی فورم پر حل کریں، مدرسے کے طلبا سے سیاست کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

شوکت یوسفزئی نے تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس جب سارے آپشن ختم ہوگئے تھے تو ہم نے اسلام آباد میں دھرنا دیا۔

تازہ ترین