• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہرینِ صحت کا خیال ہے کہ میٹھی غذاؤں کا متوازن و متناسب استعمال جسمانی اورذہنی صحت پر اچھے اثرات مرتّب کرتا ہے، لہٰذا دوپہر یا رات کےکھانے کے بعد تھوڑا سا میٹھا لے لینے میں کوئی مضائقہ نہیں۔ تو لیجیے، اس ہفتے کے لنچ، ڈنر کے لیے کچھ میٹھی، شیریں ڈشز ہی کی تراکیب حاضر ہیں۔

سویّوں کا ٹرائفل

اجزاء:دودھ ایک کلو،سویّاں ایک کپ،کسٹرڈ پاؤڈرتین کھانے کے چمچ،کپ کیک(چُورا کرلیں) دو عدد،کیلے(چھوٹے چھوٹے پیس کاٹ لیں)دو عدد، سیب(چھوٹے چھوٹے پیس کاٹ لیں)ایک عدد،بادام(باریک کاٹ لیں )دس عدد پستہ(باریک کاٹ لیں)آٹھ عدد،جیلی(جمی ہوئی) ایک کپ اورچینی حسبِ ذائقہ۔

ترکیب:ایک پتیلی میں دودھ، سویّاں اور چینی ڈال کر پکالیں۔ پھر کسٹرڈ پاؤڈر تھوڑے دودھ یا پانی میں گھول کر،وہ بھی شامل کرکے تھوڑا سا پکا کر اُتارلیں۔ جب سویّوں کا کسٹرڈ ٹھنڈا ہوجائے، تو ایک پیالے میں پہلے کیک کا چوراڈالیں، پھرکسٹرڈ کی ایک تہہ لگائیں، اس پر کٹے ہوئے پھل ڈال کر بقایا کسٹرڈ کی تہہ بچھائیں،اوپر سے خشک میوہ جات چھڑک کر جیلی کے ٹکڑے کاٹ کر سجا دیں۔

پستہ کھیر

اجزاء:دودھ آدھا کلو ،چاول آدھا پاؤ ،پستہ ایک پاؤ ،بادام 25گرام،چینی آدھا پاؤ ،کیوڑادو چائے کےچمچ اورچاندی کے ورق حسبِ ضرورت ۔

ترکیب:پستہ اور بادام گرائنڈ کریں، یہاں تک کہ پاؤڈربن جائے۔ پھر ایک برتن میں دودھ گرم کرکے خشک میوہ جات کاپاؤڈر اور دیگر اجزاڈال کر پکنے دیں۔ جب تمام اجزاء اچھی طرح مِکس ہوجائیں، توحسبِ ضرورت گاڑھا کرکے چولھے سے اُتار لیں۔ اب ایک باؤل میں ڈال کر چاندی کے ورق سجا دیں۔

خوبانی کا میٹھا

اجزاء:خشک خوبانی(ایک دِن قبل بھگو دیں)ایک پاؤ،لیموں ایک عدد،چینی دو کھانے کےچمچ،فریش کریم ایک پیالی اورپانی ایک پیالی۔

کسٹرڈ کےلیے:دودھ آدھا لیٹر،چینی حسبِ ضرورت ،کسٹرڈ پائوڈر(کوئی بھی فلیور)دو کھانے کے چمچ،جیلیٹن پائوڈر ایک کھانے کا چمچ اور پانی ایک پیالی۔

ترکیب:ایک پتیلی میں دودھ اور چینی ڈال کر اُبلنے کے لیے رکھ دیں۔ اس دوران پانی میں کسٹرڈ گھول لیں۔جب دودھ میں چینی حل ہوجائے، تو کسٹرڈ شامل کردیں، اس دوران چمچ چلاتی رہیں۔ اس کے بعد کریم پھینٹ کر آدھے کسٹرڈ میں مکس کردیں اور باقی سجاوٹ کے لیے رکھ دیں۔ خوبانیوں کی گٹھلیاں نکال کر بلینڈر میں پیس لیں۔ ایک پیالی میں تھوڑا سا پانی لےکر جیلیٹن پاؤڈر گھول کےخوبانی میں مکس کردیں۔ اب اس آمیزے کو ڈش میں ڈال کر فریزر میں رکھ دیں، جب جم جائےتو اس پر تیار شدہ کسٹرڈ ڈال کر کریم سے سجالیں۔

کریمی یوگرٹ ڈیزرٹ

اجزاء:دودھ دو کپ،دہی ایک کپ،چینی چار کھانے کے چمچ،کنڈینسیڈملک آدھا کپ، ونیلا ایسینس چند قطرے،ونیلا آئس کریم ایک کپ،پائن ایپل ایک ٹن، بسکٹس (چُورا کرلیں)دو کپ اور چند سجاوٹ کے لیے رکھ لیں۔

ترکیب:پہلے پتیلی میں دودھ اور چینی ڈال کراُبال کے ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔پھر ایک پیالے میں دہی، کنڈینسیڈ ملک اور ونیلا ایسینس ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔اب ایک باؤل میں پہلےبسکٹس کا چورا ،پھر اس پر دودھ ڈال کر 10منٹ کے لیےرکھ دیں، تاکہ نرم ہوجائے۔اب بسکٹس پر پہلے دہی کا آمیزہ ،پھر پائن ایپل کے ٹکڑے اور ونیلا آئس کریم کی تہہ لگائیں اورآخر میں بسکٹس سجادیں۔

فروٹ پڈنگ

اجزاء:حسبِ پسند پھلوں کے ٹکڑے ایک کپ، چینی حسبِ ضرورت، دودھ آدھا کلو، ونیلا ایسینس ایک چائے کا چمچ، فریش کریم ایک پاؤ، میدہ چھے کھانے کے چمچ اور انڈے دو عدد۔

ترکیب: پتیلی میں دودھ اور چینی ڈال کر اُبال کےچولھا بند کردیں۔انڈوں کی سفیدی اور زردی الگ کرلیں۔ ایک باؤل میں سفیدی اور میدہ مکس کرکےخُوب اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اس کے بعد انڈے کی زردی مکس کرکے مزید پھینٹیں۔ اب یہ آمیزہ دودھ میں ڈال کر ایک بار پرخُوب پھینٹ کے اوون میں رکھ دیں۔جب گاڑھاہوجائے، تو اوون سے نکال کر ٹھنڈا کرلیں۔آخر میں فریش کریم اورایسینس مکس کرکے پھلوں کے ٹکڑوں سے سجاوٹ کرلیں۔

(ایمان بلوچ، کراچی)

تازہ ترین