• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر اوور کا قانون تبدیل، بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹس کافیصلہ زیادہ باؤنڈریز پر نہیں ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ سمیت آئی سی سی ٹورنامنٹس کے سیمی فائنل اور فائنل میں سپر اوور کا قانون تبدیل کردیا ہے۔ لارڈز میں جولائی میں انگلینڈ کو نیوزی لینڈ کے خلاف متنازع انداز میں زیادہ چوکے مارنے پر ورلڈکپ کا فاتح قرار دیا گیا تھا۔ اس قانون پر آئی سی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہ فیصلہ دبئی میں آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں کیا گیا۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اگر آئی سی سی ایونٹ کے سیمی فائنل اور فائنل کا فیصلہ سپر اوور میں ہوگا ۔ تو فیصلہ زیادہ چوکوں کی بنیاد پر نہیں ہوگا۔ پیر کو اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق آئی سی سی نے گورنس کے لئے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے جس کی کمیٹی میں پی سی بی چیئرمین احسان مانی بھی شامل ہیں۔ گورنس کا ورکنگ گروپ ، آئی سی سی کے ڈھانچے پر اپنی تجاویز آئی سی سی کو دے گا۔ آئی سی سی نے خواتین کے انڈر 19 ورلڈ کپ کی میزبانی بنگلہ دیش کو دے دی ہے۔ بنگلہ دیش یہ ٹورنامنٹ2021میں کرائے گا۔ خواتین ورلڈ کپ انڈر 19 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی نے2023 کے بعد سے ہر سال آئی سی سی ایونٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 2023سے2031 تک آٹھ سال کے دوران مردوں اور خواتین کے آٹھ آٹھ ٹورنامنٹ ہوں گے۔ اس میں انڈر19مردوں اور خواتین کے چار چار ٹورنامنٹس بھی شامل ہیں۔ آئی سی سی نے زمبابوے پر عائد پابندی بھی اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ زمبابوے حکام سے ملاقات کے بعد بورڈ میٹنگ میں کیا گیا۔ اس فیصلے کی روشنی میں زمبابوے انڈر 19کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کرسکے گی۔ آئی سی سی نے نیپال پر عائد پابندی بھی اٹھا لی ہے۔علاوہ ازیں بھارتی میڈیا کے مطابق انٹر نیشنل کرکٹ کونسل اجلاس میں فیو چر ٹور پروگرام کی تبدیلی اور ورلڈ ٹی 20 ایک سال جبکہ ورلڈ کپ 3سال بعد کرانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے جس کے لئے پاکستان ، سری لنکا،جنوبی افریقا،بنگلہ دیش کی خاموش حمایت اور بھارتی بورڈ کی ترجمانی کرنے والے عہدیدران کی بھی غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ہے۔ چیف ایگزیکٹو مانوسواہنی انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز بورڈ کی مخالفت باوجود ایف ٹی ایف کی مجوزہ تبدیلی کی فوری منظوری کے لئے کوشاں تھے ۔ بھارتی بورڈ کے سی ای او راہول جوہری بھی تجویز کے حق میں نہیں انہوں نے مانو کو کہہ دیا تھا کہ اس پر بات بی سی سی آئی انتخابات کے بعد ہونی چاہیے۔ 2023سے 2028کے فیوچر ٹور پروگرام میں تبدیلی اور بڑے ایونٹس کے دورانیے میں کمی سے میڈیا رائٹس اور کرکٹ ریونیو کے حوالے سے بھارتی بورڈ کی کمائی کم ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین