• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کشمیریوں کا جذبہ آزادی دبانے میں ناکام ہوگیا، چوہدری شبیر

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے سینئر رہنما چوہدری محمد شبیر نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے تمام تر ظلم وستم کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ گلاسگو میں تحریک کشمیر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد شبیر نے کہا کہ دس ہفتوں سے زیادہ کا عرصہ ہوچکا ہے کہ بھارت نے وادی کے علاقے کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر رکھا ہے، بیماروں کو ادویات اور بچوں کو دودھ تک میسر نہیں، نوجوانوں کو گھروں سے اٹھایا جا رہا ہے، عورتوں کی عصمت دری ہورہی ہے، لیکن اقوام متحدہ، یورپی یونین حتیٰ کہ اسلامی ممالک کا اس ظلم وستم کے خلاف وہ ردعمل سامنے نہیں آرہا، جس سے بھارت اپنا رویہ بدلے، کشمیر عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ متنازع علاقہ جہاں 9 لاکھ بھارتی افواج نے 80 لاکھ کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے، ایک لاکھ افراد کو شہید کیا جاچکا ہے اور بے شمار خواتین کی عصمت دری کی جاچکی ہے بھارت بین الاقوامی میڈیا کو جانے کی اجازت نہیں دے رہا، کرفیو اٹھتے ہی وہاں ایک بہت بڑا عوامی طوفان اٹھنے والا ہے اور خدشہ ہے کہ بھارت وہاں ایک بار پھر تاریخ کے بدترین مظالم ڈھائے گا چنانچہ دنیا کی تمام انصاف پسند قوتوں کو اس انسانی المیہ کی طرف فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے، چوہدری محمد شبیر نے کہا کہ بھارت کی مودی سرکار اپنی ہندو تواپالیسیوں اور جنونیت کے باعث پوری دنیا کے امن کے لئے خطرہ بن رہی ہے مسئلہ کشمیر کے متحارب دونوں فریق ایٹمی قوتیں ہیں اگر ان کے درمیان جنگ ہوئی تو خدشہ ہے کہ کروڑوں افراد اس کی بھینٹ چڑھ جائیں گے اور اس میں جیتنے والا کوئی بھی نہ ہوگا، عالمی قوتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس دیرینہ مسئلے کو حل کرائیں ورنہ جنگ کی صورت میں اس کے اثرات سے شاید دنیا کا کوئی ملک بھی نہ بچے۔
تازہ ترین