• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

54 پاکستانی چیوننگ سکالرز کے اعزاز میں ہائی کمشنر کا عشائیہ

لندن (جنگ نیوز) پاکستان کے ہائی کمشنر برائے برطانیہ محمد نفیس زکریا نے چیوننگ سکالرشپ پر برطانیہ میں تعلیم کے لئے آنے والے 54 پاکستانی سکالرز کے اعزاز میں 12 اکتوبر کی شب پاکستان ہائی کمیشن میں عشائیے کا اہتمام کیا۔ ان سکالرز کا تعلق مختلف پروفیشنز سے ہے، جنہوں نے اس موسم خزاں میں ملک کی مختلف یونیورسٹیز میں اپنے اکیڈمک پروگرامز کا آغاز کیا۔ یہ ایونٹ مشن کی طلبہ تک رسائی کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا نےچیوننگ سکالرشپ پروگرام کے لئے منتخب ہونے پر طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور ان پر زور دیا کہ وہ برطانیہ میں حصول تعلیم کے دوران تعلیمی تجربے سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کریں اور یہاں سے حاصل ہونے والے علم، تجربے اور مہارت کو اپنے متعلقہ شعبوں میں استعمال کر کے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے ان سکالرز پر زور دیا کہ وہ برطانیہ میں اپنے قیام کے دوران برطانوی عوام اور دیگر ملکوں کے ساتھی سکالرز کے ساتھ دیرپا دوستی اور برطانیہ کے اداروں کے ساتھ مضبوط روابط استوار کریں۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی شاندار اور متنوع ثقافت، قدیم تہذیبی ورثے اور ملک کے مختلف خوبصورت رنگوں کو اجاگر کرنے کیلئے ہائی کمیشن کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا حصہ بنیں۔ انہوں نے طلباء کو پاکستان اور برطانیہ کے مابین پر جوش اور خوش گوار تعلقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور اس سے ملک میں سیاحت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ نفیس زکریا نے پاکستانی طلبہ کو برطانیہ کی ٹاپ یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرنے کا نادر موقع فراہم کرنے پر برطانوی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیوننگ سکالرشپ پروگرام نے پاکستان اور برطانیہ کے عوام کے باہمی رابطوں کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جس کے نتیجے میں باہمی تعلقات مستحکم ہوئے ہیں۔
تازہ ترین