• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے برمنگھم میں کارریلی کا انعقاد

برمنگھم (ابرار مغل) کشمیر تحریک انصاف کے سینئر رہنما خواجہ انعام الحق کی جانب سے برمنگھم میں مسئلہ کشمیر اور بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے کار ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں کارکنان کے علاوہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی قیادت اوردیگر تنظیموں کے افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کار ریلی نے گاڑیوں کے ایک بڑے قافلے کی صورت میں تحریک انصاف برمنگھم کے سابق صدر عبدالغفور کھاڑک کی قیادت میں کشمیر کے جھنڈوں، آزادی کے نعروں اور ترانوں سے مزین برمنگھم کی مختلف شاہراہوں کا چکر لگایا۔ ریلی کے آرگنائزر انعام الحق نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان عمران خان اور بیرسٹر سلطان کے وژن اور مشن کے مطابق دنیا بھر میں فاشسٹ مودی کے گھنائونے چہرے اور مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے مظالم کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ تحریک انصاف کی اس ریلی میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ کی قیادت نے بھی شرکت کی جنہیں انعام الحق اور چوہدری عبدالغفور کھاڑک نے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم سب کی جدوجہد مشترکہ مقصد کیلئے ہے اور ہماری دلی ہمدردیاں چکوٹھی میں دھرنا دہندگان کے ساتھ ہیں۔ خواجہ انعام الحق نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بھی بین الاقوامی دنیا اور سیکورٹی کونسل کوکہہ رہے ہیں کہ وہ مداخلت کریں اور کشمیریوں کو ان کا حقِ خود ارادیت دیں جسکا وعدہ انھوں نے خود اپنی قراردادوں میں کیا ہوا ہے۔ چوہدری عبدالغفور نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ ریلی عمران خان اور بیرسٹر سلطان کے کشمیر مشن کو آگے بڑھانے کے سلسلے کی ایک کڑی تھی۔ انھوں نے کہا تحریک انصاف برطانیہ بھر میں اس طرح کی ریلیوں کا انعقاد کرےگی اور مقبوضہ کشمیر کے محکوم لوگوں کی آزادی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ ریلی برمنگھم کے مختلف علاقوں موزلے، سپارک ہل، سمال ہیتھ، آلم راک، واشوڈ ہیتھ اور بورڈزلے گرین سے ہو کر ہائی گیٹ میں اختتام پذیر ہوئی۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں عبدالغفور کھاڑک، انعام الحق، چوہدری محمد حسین، آفتاب حمید، ظفر جرال، چوہدری عرفان اور خضر ہدایت نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین