• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحصیل آفس میں عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلائی جائے‘پشتونخوامیپ

کوئٹہ( پ ر) پشتونخوامیپ کے جاری بیان میں محکمہ ریونیو سے منسلک تحصیل دفتر میں عوام سے ان کے جائز کاموں پر رشوت طلب کرنے اور انہیں ذہنی کوفت سے دوچار کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ اپنے ایک کام کے سلسلے میںمذکورہ دفتر گئے مگر وہاں روایتی بہانوں کا سہارا لیکر ان کے جائز کام کی تکمیل میں روڑے اٹکائے گئے ،پورا دن انتظار کرنے کے باوجود کسی نے کوئی قدم نہیں اٹھایا جس کے بعد انہوں نے مجبوراً پارٹی کارکنوں کے ہمراہ تحصیل دفتر میں دھرنا دیا ۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ نے آکروہاں موجود تمام لوگوں سے متعلقہ سٹاف سے متعلق شکایات سنیں ۔ لوگوں نے واضح طورپر کہاکہ یہاں رشوت خوری کابازار گرم ہے ،اپنے جائز انتقالات کرنے پر ہزاروں ، لاکھوں روپے رشوت طلب کی جاتی ہے، رشوت دینے والوں کے کام میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوتی ۔ بیان میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ کے متعلقہ صوبائی وزیر وبالا حکام تحصیل آفس کوئٹہ میں کرپشن کا نوٹس لیکر کارروائی کریںاور اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سے بھی اس بارے میں مزید تفصیلات لیکر عوام کو درپیش اذیت ناک صورتحال سے نجات دلاکر تحصیل آفس کو کرپشن سے پاک بنایا جائے۔
تازہ ترین