• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ، تاجروں کیلئے نیب کمیٹی کی تجویز ختم، رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی قائم، آزادی مارچ کا معاملہ صوبوں کے سپرد

اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی کابینہ نے ’رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام‘ اسلام آباد کے ماسٹر پلان، ’سی ڈی اے کی تنظیم نو ‘ لنگرخانوں سے متعلق پالیسی کی منظوری دے دی۔‘

 اجلاس میں ڈاکٹر عصمت طاہرہ کو ’منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ‘ ایس مسعود اے نقوی کو ممبر ایس ای سی پی پالیسی بورڈ تعینات کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ کابینہ نے خواتین کو وراثت میں حق دینے کا قانون آرڈیننس کے ذریعے نافذ کرنے کی بھی منظوری دی۔

وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام وزرائے اعلیٰ اور صوبائی حکام کا اجلاس جمعہ کو طلب کر لیا اور ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کر دی۔ 

کابینہ نے تاجروں کیلئے نیب کمیٹی بنانے کی تجویز ختم کرتے ہوئے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ ’نیب تاجروں اور بیورو کریٹس کو ہراساں کرنے سے روکنے کیلئے خود میکانزم بنائے گا۔‘

کابینہ کو بتایا گیا کہ 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی سمری آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زندگی بچانے والی ادویات اور اُن کی مناسب قیمت میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ’آزادی مارچ سے نمٹنے کا لائحہ عمل صوبائی حکومتوں پر چھوڑا گیا ہے، صوبائی حکومتوں نے مدد مانگی تو وفاق ضرور دے گا، مال بچاؤ پارٹیوں نے اپنا مال بچانے کا ایجنڈا مولانا کو ٹھیکے پر دےدیا، دونوں پارٹیاں دوربینیں لگا کر مولانا کو دیکھ رہی ہیں کہ وہ کس حد تک اُن کے ایجنڈے کی تکمیل کرتے ہیں، ہماری نظریں دھرنے کی بجائے ملکی چیلنجز پر مرکوز ہیں، ان تلوں میں تیل نہیں ہے، یہ بازو آزمائے ہوئے ہیں۔‘ 

وہ پیر کو کابینہ اجلاس کے بعد پی آئی ڈی میں میڈیا کو بریفنگ دے رہی تھیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔‘

وزیراعظم عمران خان (آج)منگل کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے، کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے کنٹرول کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں، وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ 

وزیر اعظم نے جمعہ کو تمام وزراءاعلیٰ کو بھی طلب کیا ہے،صوبوں کی پرائس کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے گا۔

اجلاس میں جیلوں سے ائیرکنڈیشنرز نکلوانے کیلئے نیب قوانین میں ترمیم کا مسودہ بھی پیش کیا گیا جس کے مطابق 5 کروڑ روپے سے زائد کرپشن کے ملزم کو سی کلاس میں رکھا جائے گا۔ معاو ن خصوصی نے بتایا کہ کابینہ نے بیورو کریسی اور کاروباری شخصیات کے حوالے سے نیب کو سفارشات بھیجی ہیں، کابینہ میں اس حوالے سے میکانزم پر غور کے بعد معاملہ فیصلہ کے لیے نیب کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔نیب پر چھوڑا گیا ہے کہ وہ اس بار سفارشات پر کیسے عمل کرتا ہے۔

کابینہ اجلاس میں اسلام آباد ہیلتھ کیئرریگولیشن ایکٹ 2018 کے تحت بورڈ آف اتھارٹی کے ممبران تعینات کرنے کی بھی منظوری دی۔

وفاقی دارالحکومت میں سفری سہولتوں میں بہتری کے لئے سات لائنوں پر مبنی ماسک ٹرانزٹ سسٹم کی تجویز پیش کی گئی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ مولانا چور بچاؤ اور جیل میں قید قیادت کو بچانے کے ایجنڈے پر ہیں، میاں برادران کی خط و کتابت چل رہی ہے، (ن) لیگ میں عدم اعتماد پیدا ہوگیا ہے، پارٹی میٹنگ میں لیگی رہنماؤں سے موبائل فون لے لیے گئے، وہ خود گھبراہٹ کا شکار ہیں، ان کھوکھلے نعروں سے ہم ڈرنے والے نہیں۔

تازہ ترین