• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزادی مارچ کی حمایت پر ن لیگ کا کنفیوژن برقرار، تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز) جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان شاہزیب خانزادہ تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مارچ کی حمایت کے حوالے سے اب تک ن لیگ میں کنفیوژن برقرار ہے، پیر کو بھی ن لیگ کے مشاورتی اجلاس کے بعد نہ کوئی اعلامیہ جاری کیا گیا نہ کسی مرکزی رہنما نے میڈیا سے بات کی۔

دوسری طرف جے یو آئی اسلام آباد پہنچنے کی تیاریاں کررہی ہے، اس کے ڈنڈا بردار رضا کاروں کی فوٹیج سامنے آنے کے بعد حکومت نے جے یو آئی ف کے خلاف مقدمات درج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

سینئر تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ جے یو آئی ف کے گزشتہ تمام ملین مارچز میں ڈسپلن کی ذمہ داری ان کی ڈنڈا بردار فورس کے پاس ہی ہوتی تھی، ابھی تک ڈنڈا بردارفورس کی طرف سے نہ کوئی قانون شکنی سامنے آئی ہے نہ ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج ہوئی ہے، طاہر القادری کیلئے کفن اجمل وزیر نے خریدے تھے۔

جب کہ اس کی ادائیگی ق لیگ نے کی تھی، مولانا فضل الرحمن مذہب کارڈ استعمال کرتے ہیں تو ہم مذمت کریں گے، ہر پارٹی کے جلسوں میں جھنڈے ہوتے ہیں اور کوئی جھنڈا ڈنڈے کے بغیر نہیں ہوتا ہے، ڈنڈے کا غلط اور خلاف قانون استعمال کیا جاتا ہے تو وہ قابل مذمت ہے مولانا فضل الرحمن تمام تر نامساعد حالات اور طالبان کے حملوں کے باوجود کبھی مایوس نہیں ہوئے، اپوزیشن نہ میڈیا نہ پارلیمنٹ کے ذریعہ احتجاج کرسکتی ہے نہ ان کی شکایات رفع ہوسکی ہیں، اس لئے ان کے پاس احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں رہا ہے۔

سینئر تجزیہ کار کامران بخاری نے کہا کہ امریکا اب شام سے اپنی فوجوں کا مکمل انخلاء چاہتا ہے، امریکا چاہتا ہے کہ علاقائی قوتیں بیٹھ کر مسائل حل کریں، امریکا شام اور دیگر علاقوں کو مینج کرنے کیلئے ترکی پر انحصار کر رہا ہے، داعش اور القاعدہ شام کی موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گی، ترکی کو اب کردوں کے ساتھ داعش سے بھی لڑنا پڑے گا، ترکی اپنے مفاد میں شام کے اندر بڑا کردار ادا کرے گا، ترکی کے شام میں ایکشن کے دوران ترکی اور شامی افواج میں تصادم ہوسکتا ہے، ایران اور روس نہیں چاہیں گے کہ ترک اور شام کی افواج آمنے سامنے آئیں، بشار الاسد میں اتنی طاقت نہیں کہ ترکی کی افواج کا سامنا کرسکے، امریکا خطے میں ایران کی بڑھتی ہوئی قوت کا مقابلہ کرنے کیلئے ترکی کو استعمال کررہا ہے۔

شاہزیب خانزادہ نے مزید کہا کہ احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کی ناصر بٹ کے ساتھ ویڈیو کس نے بنائی، اس حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آگئی، گرفتار ملزم فیصل شاہین نے جج ارشد ملک اور ناصر بٹ کی ویڈیو بنانے کا اعتراف کرلیا ہے، اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ملزم فیصل شاہین کا کہنا تھا کہ جج ارشد ملک اور ناصر بٹ کی ملاقات کی ویڈیو اس نے خود بنائی اور ویڈیو بنانے میں ناصر بٹ کے سہولت کار کا کردار بھی ادا کیا، اہم بات یہ ہے کہ نواز شریف بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جج ویڈیو سے متعلق ایک متفرق درخواست دائر کرچکے ہیں جس میں اُنہوں نے سابق جج کے کنڈکٹ پر 23 قانونی سوال اٹھانے کے ساتھ پانچ افراد کو گواہ بنانے کی درخواست کی ہے جس میں ناصر بٹ بھی شامل ہے۔

شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ صدارتی ریفرنس کے خلاف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں آج اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

تازہ ترین