اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دو ارکان کی تقرری کے حوالہ سے معاملہ پارلیمنٹ کو بھجوانے کا حکم دیا۔جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ وفاقی حکومت ڈیڈلاک کا دفاع کرنا چاہتی ہے، آئینی اداروں کو نان فنگشنل نہیں ہونا چاہیے، پارلیمنٹ پر اعتماد ہے وہ اس معاملہ کو حل کرلے گی۔ پیر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تقرری کے حوالہ سے جواب اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروا دیا۔ ایک صفحہ پر مشتمل جواب سیکرٹری وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروایا گیا۔ جواب میں وفاقی حکومت نے ارکان الیکشن کمیشن کی تعیناتی کے حوالہ سے جاری کیس کی سماعت روکنے کی استدعا کی۔ جواب میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ بار نے اسی نوعیت کی ایک درخواست سپریم کورٹ آف پاکستان میں دائر کی ہے۔ سپریم کورٹ جب تک فیصلہ نہیں کرتی اس وقت تک ہائی کورٹ سماعت روک دے۔ وزارت قانون و انصاف اور وزارت پارلیمانی امور اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست پر پیراوائز جواب جمع کروانے کے لئے جواب تیار کررہی ہیں اور اس حوالہ سے مزید مہلت درکار ہے۔