• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سعودی عرب، ایران دوستی مشن، عمران خان کے ریاض میں مذاکرات

ریاض (ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان سعودی عرب ایران دوستی کے مشن پر منگل کوسعودی عرب پہنچ گئے ‘ریاض میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں ‘ علاقائی تنازعات کے سفارتی حل پرزور ‘ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ 

وزیراعظم عمران خان سعودی عرب ایران دوستی کے مشن پر

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی منگل کو سعودی فرمانروا خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ریاض میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت کی۔

ملاقات میں عمران خان نے علاقائی امن و استحکام کی خاطر خطے میں اختلافات اور تنازعات کے سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے پرامن حل پر زور دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے شاہ سلمان کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری اور سینئر افسران شریک تھے۔

بعد ازاں عمران خان نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ہندوستان کے 5 اگست کے یکطرفہ اقدامات، کشمیری عوام پر ظلم وستم اور اس سے علاقے کی سیکورٹی کو لاحق خطرات سے بھی آگاہ کیا۔

بعدازاں وزیر اعظم عمران خان وفد کے ہمراہ مسجد نبوی پہنچ گئے، جہاں انہوں نے نوافل ادا کیے، وزیر اعظم نے ملکی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں کیں،اس کے علاوہ وزیر اعظم عمران خان نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری بھی دی۔

تازہ ترین