• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان جانے والا پانی روکوں گا، نریندر مودی، اپنے اسلحے سے شکست دینگے، بھارتی آرمی چیف

نئی دہلی (جنگ نیوز ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان کا پانی روکنے کی دھمکی دی ہے۔

دوسری جانب بھارتی آرمی چیف بپن راوت اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت اپنی اگلی جنگ مقامی طور پر تیار کردہ ہتھیاروں سے نہ صرف لڑے گا بلکہ اس جنگ میں اپنے دشمنوں کو شکستِ فاش دے کر اپنی عسکری برتری ثابت بھی کردے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہریانہ کے ضلع چرخی دادری میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کی جانب بہنے والے دریاؤں کے پانی کا ایک ایک قطرہ استعمال کرنا چاہتا ہے۔

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ پانی بھارت کے کسان استعمال کریں اور اس کے لیے کام شروع کیا جاچکا ہے۔بھارتی وزیراعظم نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 70 سالوں سے وہ دریا جن پر بھارت اور اس کے کسانوں کا حق ہے پاکستان کی جانب بہہ رہے ہیں لیکن اب مزید ایسا نہیں ہوگا۔

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ان دریاؤں پر ہریانہ، راجستھان اور ملک کے دیگر علاقوں کا حق ہے اس لیے یہ پانی روکنے کیلئے اقدامات جاری ہیں اور میں یہ کرکے رہوں گا۔

دریں اثنا بھارتی آرمی چیف بپن راوت اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت اپنی اگلی جنگ مقامی طور پر تیار کردہ ہتھیاروں سے نا صرف لڑے گا بلکہ اس جنگ میں اپنے دشمنوں کو شکستِ فاش دے کر اپنی عسکری برتری ثابت بھی کردے گا۔

تازہ ترین