• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے نامی جائیدادوں کیخلاف آرڈیننس تیار کرلیا، چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ بے نامی جائیدادوں کے خلاف کارروائی کے لیے نیاآرڈیننس تیار کرلیا۔

بے نامی قانون میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کر رہے، کارروائی تیز کرنے کیلئے آرڈیننس لایا جائے گا۔

پی اے سی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شبر زیدی نے کہا کہ آئی ایم ایف کو ٹیکس محصولات پر مطمئن کرلیں گے، تاجروں کے ساتھ کوئی ڈیڈ لاک نہیں۔

قبل ازیں رانا تنویر حسین کی سربراہی میں ہونے والے پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں ایف بی آر کے مالی سال 1999،2000، 2000،01اور 2004،05 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا اور ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ پی اے سی میں آڈٹ اعتراضات لانے سے پہلے ڈی اے سی کا انعقاد کریں اور 20سال پرانے پیراز نمٹانے کی کوشش کریں۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ بہت سارے کیس عدالتوں میں ہیں اور اٹارنی جنرل کو بھی رپورٹ دی ہے کہ ان کیسوں کے جلد نمٹانے کیلئے کوئی طریقہ کار نکالیں۔

کنوینر کمیٹی نے تجویز دی کہ سالہا سال سے پھنسے ان کیسوں کو عدالتوں سے باہر نمٹائیں۔

تازہ ترین