• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاقت علی خان کے پیغام کو سمجھنا وقت کی ضرورت ہے،میئر کراچی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ آج کے دن ملک کے پہلے وزیر اعظم قائد ملت نواب زادہ لیاقت علی خان کی شہادت سے ملک اور قوم کا بہت بڑا نقصان ہوا، اگرانہیں شہید نہ کیا گیا ہوتا تو آج ملک ترقی میں بہت آگے ہوتا، ان کی شہادت کے بعد سرمایہ داروں اور وڈیروں نے جس طرح سیاست اور ریاست پر قبضہ کیا اس کے نتائج ہمارے سامنے ہیں،وہ لیاقت علی خان کی 68ویں برسی کے موقع پر ان کے مزار پر شہریوں کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے،ڈپٹی میئر سید ارشد حسن، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن، ضلع غربی کے چیئرمین اظہار احمد خان اور بلدیہ عظمی کی کونسل میں مختلف کمیٹیوں کے چیئرمین بھی اس موقع پر موجود تھے،میئر نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ لیاقت علی خان کے پیغام کو سمجھا جائے اور اس پر عمل کرتے ہوئے اس ملک کی ترقی کے لئے مل کر آگے بڑھا جائے، ان کی حب الوطنی، عوام دوستی، عقل و دانش اور سیاسی بصیرت قابل قدر تھی،ہمیں ان کی خدمات کا احساس ہونا چاہئے،وہ قائد اعظم کے قریبی ساتھی تھے،ان کی برسی کے موقع پر باالخصوص نوجوان نسل کے لئے ایسے پروگرام اور تقریبات کی جائیں جس سے قیام پاکستان کے حوالے سے جدوجہد کرنے والے رہنمائوں کے بارے میں آگہی ہو۔

تازہ ترین