• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیہ عظمیٰ نے سیلانی ویلفیئر کے تعاون سے اسپرے مہم شروع کردی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی اور سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے اشتراک سے ڈینگی مچھر اور دیگر جراثیم کے خاتمے کے لئے شہر میں اسپرے مہم شروع کردی گئی ۔ قبل ازیں سیلانی ٹرسٹ کے صدر یوسف لاکھانی، محمدعارف لاکھانی اور سلطان محمود تاجوانی نے میئر کراچی وسیم اختر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور پیشکش کی کہ شہر میں جراثیم کے خاتمے کے لئے ٹرسٹ، کے ایم سی کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔ میئر نے شہریوں کے مفاد کے پیش نظر اسپرے مہم میں تعاون پر ٹرسٹ کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جراثیم کش اسپرے بلدیاتی اداروں کی بنیادی ذمے داری ہے تاہم وسائل کی کمی کے باعث این جی اوز کا تعاون حاصل کرنا پڑ رہا ہے۔ بعدازاں ڈپٹی میئر سید ارشد حسن نے سیلانی ویلفیئر کے ٹرسٹی عارف لاکھانی کے ساتھ ضلع شرقی میں اسپرے مہم کا افتتاح کیا۔ڈپٹی میئر نے بتایا کہ اسپرے مہم کے لئے گاڑیاں اور مشینیں کے ایم سی فراہم کر رہی ہے جبکہ ڈیزل اور اسپرے کی دوائی کے لئے ٹرسٹ کا تعاون حاصل ہےکراچی کے6اضلاع اور ڈسٹرکٹ کونسل میں روزانہ کی بنیاد پر 30گاڑیوں سے اسپرے کیا جائے گا اور یہ سلسلہ دسمبر تک جاری رہے گا۔

تازہ ترین