• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ظلم سے روکے، مشتاق دیوان

برسلز(نمائندہ جنگ)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ بلجیم برانچ کے صدر مشتاق دیوان علی نے یورپی کمیشن کے سامنے دوگھنٹے کی علامتی بھوک ہڑتال کی اس موقع پر جے کے ایل ایف کے ممبران مرزا شبیر جرال، اشفاق قمر، مسعود اقبال میر اور دیگر بھی شریک ہوئے۔ مشتاق دیوان نے کہا کہ ہندوستان اپنے مذموم ارادوں میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوپائے گا۔انہوں نے بتایا کہ وادی کے اندرونی حالات انتہائی سنگین اور ابتر ہیں لوگ کرفیو میں بہت مشکل حالات سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو کشمیر کے اندر ظالمانہ اقدام سے روکے اور وادی میں پھیلی عدم تخفظ کی فضا کو بہتر بنانے کے لئے ضروری اقدامات بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہا کہ جے کے ایل ایف کئی سالوں سے دنیا بھر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کررہی ہے تاکہ معصوم کشمیریوں کے حقوق کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا بھی بھارتی مظالم پر خاموشی کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیاجائےاور وادی کے اندر بھارتی سیکورٹی فورسز کے مظالم کی روک تھام کےلئے بیرونی مداخلت کے بندوبست کے لئے امن مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں کشمیری عوام پر مظالم کے ذریعے خطہ کشمر پر زبردستی اپنا تسلط قائم رکھنا چاہتا ہے۔اور آئے روز وادی کے مختلف شہروں میں توڑ پھوڑ اور کشمیری عوام کو شہید کرنے اورخواتین کے ساتھ جبری زیادتی کے واقعات انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی قوتوں پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہیں۔انہوں نے بھارت کو عندیہ دیا کہ کشمیریوں کے صبر کے پیمانے لبریز ہوچکے ہیں۔لہٰذا انہیں اگر مزید مجبور کیا گیا تو وادی میں بہت بڑا انتشار برپا ہوگا۔
تازہ ترین