• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برمنگھم میں کشمیر کانفرنس منعقد کریں گے، پیر نور العارفین صدیقی

برمنگھم (ابرار مغل / آصف محمود براہٹلوی) آستانہ عالیہ نیریاں شریف کے سجادہ نشین اور عالمی تحریک تحفظ ناموس رسالتؐ کے مرحوم قائد علامہ پیر علائو الدین صدیقی کے جانشین صاحبزادہ پیر نور العارفین صدیقی نے کہا ہے کہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں بھارت انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے گزشتہ دو ماہ سے زائد عرصے سے پوری ریاست کو جیل میں تبدیل کرکے بنیادی انسانی حقوق کی پامالیاں کی جا رہی ہیں، ایسے حالات میں برطانیہ کے دینی و مذہبی حلقوں کو فعال اور متحرک کرنے کیلئے مورخہ19اکتوبر بروز ہفتہ کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں صدرآزاد کشمیر سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور دینی و مذہبی حلقے شرکت کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برمنگھم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ پیر نور العارفین صدیقی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم و محکوم بہن بھائیوں کی آواز کو عالمی سطح پر بلند کرنے کی اشد ضرورت ہے، ہماری مساجد اور روحانی مراکز اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں کشمیریوں کی صدا بلند کرنے کے لئے برطانیہ بھر میں مختلف پروگرام تشکیل دیئے جارہے ہیں اپنے پیر و مرشد مرحوم علائو الدین صدیقی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مظلوم و محکوم کشمیریوں پر ہونے والے بد ترین مظالم کو بے نقاب کریں گے اور اسی سلسلے میں کشمیرکانفرنس ہمارا آغاز ہے اور اب یہ سلسلہ آزادی کشمیر تک جاری رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دینی و مذہبی حلقوں نے ہمیشہ کشمیریوں پر ڈھائے جانےوالے مظالم پر آواز بلند کی ہے اور اب یہ سلسلہ مستقل بنیادیوں پر جاری رکھا جائے گا مختلف پروگرام ترتیب دے کر عالمی توجہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کی جانب مبذول کرائی جائے گی۔ اس موقع پر مڈلینڈ بھر کے جید علماء دین، مشائخ عظام، پیران طریقت سمیت نیریاں شریف کے عقیدت مندوں کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ دریں اثناء صاحبزادہ پیر نور العارفین صدیقی نے کشمیر کانفرنس کے حوالے سے ایک اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیا اور مختلف امور کی انجام دہی کیلئے کمیٹیاں بھی تشکیل دی۔
تازہ ترین