• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈ فورڈ میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی مشاعرہ

بریڈفورڈ (عبید الرحمٰن مغل) شمالی انگلینڈ کے شہر بریڈفورڈ میں یوکے اسلامک مشن کی جانب ایک بین الاقوامی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا، مشاعرے میں شعراء نے اپنے کلام پیش کئے اور مقبوضہ کشمیر کے حالات پر آگاہی بھی دی اور ساتھ ہی منتظمین نے آزاد کشمیر کے زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی رقومات بھی جمع کیں۔ تقریب میں اردو ادب کےچمکتے ستارے موجود تھے جن میں امجد اسلام امجد، پروفیسر انور مسعود، رحمٰن فارس اور ہندوستان سے عمران پرتاپ گڑھی شامل تھے۔حافظ محمد آزاد اور اشتیاق احمد کی نظامت میں منعقدہ تقریب میں آزاد کشمیر کے زلزلہ متاثرین کے لئے یوکے اسلامک مشن کی امدادی سرگرمیوں کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ مشاعرے میں انور مسعود نے پنجابی کلام سے محفل کو کشت زعفران بنایا اور امجد اسلام امجد اور رحمٰن فارس نے اپنی خوبصورت غزلوں سے خوب داد سمیٹی، عمران پرتاپ گڑھی اپنا کلام پیش کرنے جب ڈائس پر آئے تو ان کی دل سوز آواز نے سماں باندھ دیا۔ انہوں نے کشمیر پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اپنی شہرہ آفاق نظم میں ہاں میں کشمیر ہوں میں نمایاں کیا اور ساتھ ہی فلسطین پر بھی اپنی نظم پیش کی۔ عمران پرتاپ گڑھی نے بتایا کہ کشمیر کے مسلمانوں سے صرف پاکستان ہی کے نہیں بلکہ ہندوستان کے مسلمان بھی بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران پرتاپ گڑھی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو ختم کرنے میں فنکار اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔امجد اسلام امجد اور انور مسعود نے اردو کی ترویج کے لئے مشاعروں کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔
تازہ ترین