• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت جبر سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتا، تنویر چوہدری

فن لینڈ (عظیم ڈار) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے صدر تنویراحمد چوہدری کی قیادت میں فن لینڈ کے دارالحکومت ہیل سنکی میں بھوک ہڑتالی کیمپ جاری ہے۔ اس موقع پر تنویر احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں نہتے اور مجبور کشمیریوں کے ساتھ جبر استبداد کی تاویل اور سیاہ داستانیں رقم کرکے انکے حوصلوں کو پست کرنا چاہتا ہے تاکہ آزادی کی تحریک کو سبوتاژ کیا جاسکے۔ انہوں نے عالمی برادری کو متنبہ کرتے ہوئے بھارتی بربریت کی کھلے الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ بھارت وادی کشمیر میں سرعام سنگین انسانی حقوق کی پامالیوں کا مرتکب ہوکر دہشت کے ذریعے تحریک آزادی کو کمزور کرکے کشمیریوں کی آزادی کے مطالبے کوختم کرنا چاہتا ہے۔انھوں نے مودی سرکار اور آرایس ایس کی منفی سرگرمیوں کو بےنقاب کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستان کشمیریوں کے لہو سے اپنی کاروباری صنعت کو چمکارہا ہے اور عالمی قوتیں خاموش رہ کر ظالم کا ساتھ دے رہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ جے کے ایل ایف نے اپنے سروں پر کفن باندھ کر آزادی کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد سیاسی سماجی اور سفارتی سطح پر تیز کرنے کا عندیہ دےدیاہے۔انھوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں معصوم کشمیریوں کو دہشت گردی کے نام سے بلاجواز گرفتار کرکے خوف ہراس پھیلانا سیکورٹی فورسز کا معمول بن چکا ہے۔کشمیری بچے سکولوں کالجوں میں جانے سے قاصر ہیں جبکہ خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور بچوں کی گمشدگی کے واقعات کشمیری قوم کےلئے کسی سانحے سے کم نہیں ہیں۔ایسے حالات میں بھارت کی جانب سے کرفیو لگاکر کشمیر کے اندر مصنوعی قحط سالی پیدا کررکھی ہے جس سے عوام اشیائےخوردونوش کی قلت سے بھوک اور افلاس کا شکار ہیں۔اسکے علاوہ کئی خطرناک وبائی بیماریوں کے ذریعے کشمیری عوام کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ یورپ زون کا بنیادی مقصد عالمی برادری کو یہ باور کرانا ہے کہ بھارت وادی کشمیر میں ظلم وستم کو بند کرے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت اور آزادی دے۔کشمیر سے اپنی سیکورٹی فورسز کو واپس بلائے۔تنویر احمد چوہدری نے حریت رہنما یاسین ملک سمیت دیگر اسیران کی رہائی اور جے کے ایل ایف پر پابندی اور آزادی کے عظیم رہنماؤں جنہوں نے آزادی کے بدلے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے تاریخ رقم کی ان میں مقبول بٹ، افضل گرو کے اجساد کو غیرقانونی طور پر تہاڑ جیل میں دفن کیاگیاہے ان رہنماؤں کے اجساد کی واپسی اور خطہ کشمیر میں غیر ضروری قوتوں کے انخلا کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے آزاد کشمیر میں آزادی مارچ کے شرکاء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ یورپ میں عالمی قوتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور کشمیر کی آزادی کےلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرکے مسئلہ کشمیر کے منطقی انجام تک اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں ناصر وازا،حافظ محمد مظہر اقبال نعیمی، خان مصطفے، شہزاد شبیر اور ملک ندیم بٹ نے کشمیری بہن بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئےاوورسیز کمیونٹی کو جے کے ایل ایف کے جھنڈے تلے متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔
تازہ ترین