• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنے گھر لگی آگ پر قابو نہ پانے والوں کو دوسروں کا غم ہے‘عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ سہیلی سرکار جو تبدیلی کا نعرہ لگا کر قوم پر مسلط کی گئی تھی اس کی سیاسی اہلیت ایک ٹوپی ڈرامے سے بڑھ کر کچھ نہ تھی مہنگائی میں مزید 13فیصد اضافے کا حکومتی عندیہ آئی ایم ایف زدہ حکومت کا پول کھولنے کے لئے کافی ہے۔ تبدیلی سرکار سے بے روزگاری تو ختم نہیں ہوپائی اب اداروں کو ختم کرنے کا شوشا چھوڑ کر بدگمانیوں کو مزید تقویت دینے کا ایک نیا سلسلہ شروع کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد پر ضرب کاری لگانے والے کس ڈھٹائی سے اعتماد کی بحالی کا بھونڈا راگ الاپ رہے ہیں اپنے گھر میں لگی آگ پر قابو پانہیں سکے دوسرے کے گھر میں لگی آگ کے غم میں بلاوجہ دبلے ہوئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی حقیقی سیاسی قیادت سے بڑھتی ہوئی بدگمانی ہماری نظریاتی اساس و اکائیوں کے لئے خطرے کی گھنٹی میں تبدیل ہوتی جارہی ہے انہی حالات و واقعات کو بنیاد بنا کر ماضی میں بھی قوم پر بارہا آمریت مسلط کی جاتی رہی۔ہر ناکام تجربے کے بعد اسٹیج کے پردے کو گرا دیا جاتا ہے تاکہ قوم کو ایک طویل اندھیرے میں رکھ کر ایک اور ٹوپی ڈرامہ اسٹیج کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ قوم خود پر ڈھائی گئی کرب و اذیت کا مداوا چاہتی ہے اور وہ اپنی خواہش کے پورا ہونے کی بھی متمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوڑیں توہر جانب لگائی جارہی ہیں مگر قومی یکجہتی جو سانس لینے کے بعد دوسری بڑی ضرورت بن چکی ہے اس عمل کے لئے تاحال صرف زبانی جمع خرچ سے ہی کام چلایا جارہا ہے، ریاست مدینہ کے قیام کے بلند و بانگ دعوے کرنے والوں کی اپنے ہی عوام سے بڑھتی ہوئی دوری ہی ان تمام تر دعوئوں کی نفی کرتی دکھائی دیتی ہے۔
تازہ ترین