• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان ،غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا، صدر علوی

اسلام آباد(طاہر خلیل) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے برطانوی دارلامراء کے رکن اور پاکستانی سرمایہ کار ضمیر اے چوہدری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ضمیر چوہدری پر فخر ہے انہوں نے اپنی محنت مخیرانہ سرگرمیوں اور کاروباری کامیابیوں سے نام کمایا،صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ضمیر چوہدری کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ملک ہے، شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا، وزیراعظم عمران خان بار بار خطے میں قیام امن اور غربت کے خاتمہ کی بات کرتے ہیں، تاجروں کو منافع کے ساتھ ساتھ عوامی بھلائی کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔صدر مملکت نے ضمیر چوہدری کو برطانوی دارالامراء میں تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بیسٹ وے گروپ اور یونائٹڈ بینک لمیٹڈ ان کی سرپرستی میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا بڑا گروپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے پاکستان میں مخیرانہ سرگرمیوں میں شرکت میں بھرپور آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی مہم کو سراہا ہے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر بیسٹ وے گروپ لارڈ ضمیر اے چوہدری، چیف ایگزیکٹو آفیسر یونائٹڈ بینک لمیٹڈ سیما کامل اور ڈپٹی برطانوی ہائی کمشنر نے بھی خطاب کیا،وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی، وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین سمیت ارکان پارلیمنٹ اور تاجر کمیونٹی کے رہنما بھی تقریب میںموجود تھے۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لاہور میں اوپن یونیورسٹی کی ایسوسی ایشن کی33 ویں سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے کہا کہ فاصلاتی ذرائع تعلیم کا فروغ وقت کی ضرورت بن چکا ہے، اس سے وقت اور اخراجات کی بچت ہوتی ہے موجود ہ دور میں مینوفیکچررز، فروخت کنندگان اور صارفین کے مابین رابطے بہت بہتر ہوگئے ہیں، ان تبدیلیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے نوجوان خود کو تعلیم اور ہنر سے آراستہ کریں۔
تازہ ترین