• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک کروڑ نوکریاں،50لاکھ گھر،جھوٹ بولنے پر حکمراں قوم سے معافی مانگیں، سراج الحق

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے کے وعدوں سے مکر کر حکمرانوں نے اپنے جھوٹے اور ناقابل اعتبار ہونے پر مہر تصدیق ثبت کردی ہےلہذا قوم سے جھوٹ بولنے پر معافی مانگیں،مشرف نے انڈیا کو خوش کرنے کیلئے ایل او سی پر باڑ لگوائی، کشمیر کی آزادی پاکستان کی سالمیت کیلئے ضروری۔ دیانتداری کا راگ الاپنے والوں نے سینیٹ میں بدترین خرید و فروخت کی ، بدھ کو اسلام آباد میں کشمیری خواتین کی کشمیر بچاؤمارچ سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا اسلام آباد میں بیٹھے بے ضمیر حکمران گہری نیند سو رہے ہیں ۔ پاکستانی حکمران فلمی ڈائیلاگ بولتے اور امریکہ کے اشارے پر چلتے ہیں۔ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا اور سا لمیت کے لیے ضروری ہے ۔کشمیری مسلمان ہیں اس لیے اقوام متحدہ اندھی گونگی اور بہری بنی ہوئی ہے ۔ بین الاقوامی ادارے اور این جی اوز کتوں بلیوں کے حقوق کی بات کرتے ہیں مگر80لاکھ کشمیریوں کی چیخ و پکار انہیں سنائی نہیں دیتی ۔ پرویز مشرف نے مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔ مشرف نے انڈیا اور امریکہ کو خوش کرنے کے لیے ایل او سی پر باڑ لگوائی ،سعودی عرب اور ایران میں صلح اچھی بات ہے مگر جب گھر کو آگ لگی ہوتو پہلے اسے بجھانے کی طرف توجہ دی جاتی ہے ۔
تازہ ترین