• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی وزیر قانون کی زیر صدارت صحافی کالونی اور لاہور پریس کلب کے معاملات پر جائزہ اجلاس

لاہور(خصوصی نمائندہ،خصوصی رپورٹر)وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ کی زیرصدارت صحافی کالونی اور لاہور پریس کلب کے معاملات کے سلسلے میں ایک جائزہ اجلاس ہوا،جس میں سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب راجہ محمد جہانگیر کے علاوہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ڈی آئی جی پولیس لاہور،قائم مقام ڈپٹی کمشنر ڈی جی ایل ڈی اے، ایم ڈی واسا، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ واسا اور لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور سینئر نائب صدر ذوالفقار علی مہتو نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایاگیا کہ صحافی کالوفی کے ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں کیلئے ایل ڈی اے کی طرف سے پی سی ون کی تیاری آخری مراحل میں پہنچ گئی ہے۔ اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے کو ہدایت کی گئی کہ وہ صحافی کالونی میں بجلی کے نظام کو فوری طورلیسکو کے سپرد کرنے کیلئے وہاں پر بجلی کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا سر ٹیفکیٹ جاری کریں۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ لاہور پریس کلب کے ارکان کو ہیلتھ کارڈز کے اجراء کیلئے صوبائی سیکرٹری محکمہ صحت فوری طور پر سمری تیارکرکے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیجیں گے۔اجلاس میں ڈی آئی جی پولیس کو ہدایت کی گئی کہ وہ صحافی کالونی کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں۔اجلاس میں بتایاگیاکہ لاہور پریس کلب کی گرانٹ 50لاکھ سے بڑھاکر 2کروڑ روپے کرنے کی منظوری دی جاچکی ہے جبکہ اس میں سے پہلی قسط اگلے چند روز میں جاری کر دی جائے گی جبکہ صحافی کالونی کے رہائشیوں کو ماہانہ سبسکرپشن فیس کی مد میں بقایاجات کی معافی کا نوٹیفکیشن بھی آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائیگا۔
تازہ ترین