• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ بلوچستان،کمیٹی کا قیام کافی نہیں، انکوائری بھی ہونی چاہیے،اے این پی

کوئٹہ ( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے جامعہ بلوچستان میں پیش آنے والے واقعات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ یونیورسٹی اسکینڈل نے اپنے بچوں کے مستقبل کے لئے پریشان والدین کو مزید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے، افسوس کا مقا مہے کہ صوبے کے سب سے بڑے اور اعلیٰ تعلیمی ادارے میں ہمارے بچوں کے ساتھ ایسا سلوک ہوتاہے ، فوری طورپر وائس چانسلر کو ان کے عہدے سے ہٹا کر واقعے کی اعلیٰ سطحی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل حاجی صاحب جان کاکڑ ، مرکزی نائب صدر ملک عثمان اچکزئی،مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصر نے کہا کہ جامعہ بلوچستان میں طلبا وطالبا ت کو ہراساں کرنے،ان کی ویڈیوز بنانے اور بلیک میل کرنے کے واقعات نے ہم سب کا سر شرم سے جھکا دیا ہے، اس عمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر واقعے کا سختی سے نوٹس لینا اور کمیٹیوں کا قیام خوش آئند عمل ہے لیکن یہ ایک ایسا سنجیدہ مسئلہ ہے جس پر صرف کمیٹی کا قیام ہی کافی نہیں بلکہ اس شرمناک اسکینڈل کی انکوائری بھی ہونی چاہئے اور جب تک جوڈیشنل انکوائری اور دیگر تحقیقاتی عمل مکمل نہیں ہوتی وائس چانسلر اوران کے ساتھ اہم عہدوں پر تعینات عملے کو فوری طور پرعہدوں سے ہٹایا جائے۔
تازہ ترین