• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
جن مہربانوں نے مجھے ویلنٹائن ڈے پر تحائف ارسال کیے تھے ، وہ سارے مجھے مل گئے ہیں ۔ چونکہ فرداً فرداً سب کو رسید دینا ممکن نہیں ، لہٰذا بذریعہ اشتہار ہذا میں ان تمام اہل دل کا شکریہ ادا کرتی ہوں جن کی غیرت عشق نے اس مبارک دن کے حوالے سے جوش مارا۔ نیز عشوہ ادا پر فریفتہ جن نووارد محسنوں نے پہلی دفعہ اس کار خیر میں حصہ لیا، انہیں بھی میں نے ازراہِ التفات اپنی محبت کی مالا میں پرو لیا ہے ۔ یہ قیمتی تحائف جہاں آپ کے دریا دل ہونے کا ثبوت ہیں ، وہاں فن عاشقی میں آپ کی مہارت کا مظہر بھی ہیں ۔ امید واثق ہے کہ آپ آئندہ بھی محبت کے فروغ کیلئے ایسے فراخدلانہ اقدامات جاری رکھیں گے ، نیز اپنے خلوص کے اظہار کیلئے محض ویلنٹائن ڈے تک محدو دنہیں رہیں گے۔ یاد رہے کہ ہر سال 6مارچ 2جولائی 10اکتوبر اور 22دسمبر کو اس خادمہ کی سالگرہ ہوتی ہے ۔
دعا گو: محبتوں کی امین ۔ ٹھگستان
####
اشتہار برائے درستی ریکارڈ
بذریعہ اشتہار ہذا عوام الناس کو خبردار کیا جاتا ہے کہ میری ہفت رنگ ذات با برکت کے کارنامے تعصب کی تلوار سے کاٹے جا رہے ہیں۔ چند پست فہیم اور ناعاقبت اندیش عناصر میرے مایہ ناز لانگ مارچ، دھرنے ، عدالتی پٹیشن اور انقلاب مارچ کو ٹوپی ڈرامہ اور سرکس وغیرہ قرار دیکر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں ،جبکہ حقیقت اسکے برعکس ہے ۔ عوام کو مژدہ ہو کہ بحیثیت قوم کے مرض کہن کا چارہ گر، میرے یہ جنوں خیز معرکے کوئی ڈرامہ ،تھیٹر ، سرکس وغیرہ ہر گز نہیں بلکہ …ایک مکمل فلم ہے ۔ ریکارڈ درست فرما لیں ۔
الداعی الی الخیر: مولانا آتش بجاں۔ فلمستان
####
برائے فروخت
ایک عدد ضمیر (چالو حالت میں ) برائے فروخت موجود ہے ۔ بندہ حقیر نے ساری عمر بخوشی اس ضمیر کے جھانسے میں آ کر نقصانات اٹھائے ہیں مگر اب حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ جسم و جاں کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے ۔ ناچیز زندگی کے عمیق مشاہدے کے بعد اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ ”وارے نیارے ہیں بے ضمیروں کے “…لہٰذا طرز حیات کو یکسر تبدیل کرتے ہوئے عاجز اب ” با عزت زندگی“ گزارنے کا متمنی ہے اور ضمیر، جس نے زندگی کے ہر موڑ پر مجھے نیلام کیا ہے ، اب میں نے اسے نیلام کرنے کیلئے سر عام رکھ چھوڑا ہے ۔ ضمیر پہلے آئیے ، پہلے پائیے کی بنیاد پر فروخت کیا جائے گا اور ناقابل واپسی ہو گا۔
نوٹ: سیاسی جماعتیں آنے والے انتخابات میں کسی بھی حلقے سے اس خادم کو ٹکٹ دے کر اس کی خدمات سے استفادہ کر سکتی ہیں ۔
فروخت کنندہ : سفید پوش خان ۔ مجبورستان
####
درد مندانہ اپیل
عزت مآب وزیراعظم صاحب ! گزارش ہے کہ بندہ ایک شریف، پر امن اور محب وطن شہری ہے ، لیکن گزشتہ کچھ عرصہ سے مجھے مسلسل دھمکی آمیز خطوط موصول ہو رہے ہیں ۔ درحقیقت کچھ خطرناک لوگوں کی نظر میری حق حلا ل کی کمائی ہوئی دولت پر ہے ۔ کبھی مجھ سے رقم کا مطالبہ کیا جاتا ہے ، کبھی میری جائیداد پر قبضہ کی دھمکی دی جاتی ہے اور کبھی جیل یاتراکی۔ آپ سے درد مندانہ اپیل ہے کہ مجھے دھمکی آمیز خطوط بھیجنے والوں یعنی محکمہ انکم ٹیکس ،پراپرٹی ٹیکس و قرض دہندہ بینک کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ، جیسے آپ کو ایسا کوئی نوٹس موصول ہونے پر عمل میں لائی جاتی ہے ۔
اپیل کنندہ: شریف شہری ۔ چورستان
####
قلاش گمشدہ
ایک پرائیویٹ ڈرامہ پروڈکشن کمپنی کا خصوصی آرڈر پر تیار شدہ قیمتی دوپٹہ گم ہو گیا ہے ۔ یہ دوپٹہ ڈراموں کی ہیروئنز کبھی کبھارسین کی ڈیمانڈ کے مطابق عارضی بنیادوں پر استعمال کرتی تھیں ۔ وقوعہ کے روز دوپٹہ ہذا نے ریکارڈنگ میں وقفہ کے دوران ہیروئن کی کسی” ماہی“ کے ساتھ موبائل پر باتیں سن لیں ۔ اب خدامعلوم کہ وہ بے ایمان ہو کر اڑ گیا یا شرم سے کہیں ڈوب مرا؟ دوپٹے کی نشانیاں یہ ہیں کہ ست رنگا ہے ، بہت ہی مختصر اور کچھ بھی چھپانے کے معاملے میں انتہائی قلاش واقع ہوا ہے ۔ حتیٰ کہ اپنا نام بھی نہیں چھپاتا اور پوچھنے پر فوراً ”قلاش دوپٹہ“ بتاتا ہے ۔ موصوف ہمارے اسٹوڈیوز کا اکلوتا دوپٹہ ہے ، جو آپ کے کسی کام کا نہیں ، لہٰذا جس کو ملے ہمارے دفتر پہنچا کر مشکور فرمائیں ۔
المشتہر: بے ڈھنگ پروڈکشن ۔ شوبزنستان
####
اطلاع برائے عزیزو اقارب
تمام عزیزو اقارب اور دوستوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ بیگم غریب خان ، جو ایک سرکاری ہسپتال میں زیر علاج تھی ، اپنا علاج مکمل کر اکے گھر واپس آ گئی ہے ۔ اس کی نماز جنازہ آج شام 5بجے ادا کی جائے گی ۔
منجانب: غریب خان ۔ غریبستان
تازہ ترین