• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے خلاف احتجاج اور مظاہرے جاری رکھے جائیں، راجہ امجد

برمنگھم(آصف محمود براہٹلوی) بھارت کے خلاف احتجاج میں کمی نہیں بلکہ مزید جوش و جذبہ سے جلسے،جلوس،سمینار کا انعقاد کرنا ہو گا تا کہ نہ صرف بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر سے کرفیو کا خاتمہ کرے بلکہ مظلوم کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے جس کا UN میں وعدہ کر رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈربی، ناٹنگھم، لیسٹر، کوونٹری، والسل، ولورہمپٹن اور سٹوک آن ٹرنٹ میں یوم سیاہ کے حوالے سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے اور مارچ کو کامیاب بنانے کیلئے کارنر میٹنگز سے یونائیٹڈ کشمیر فورم کے کوآرڈینیٹر، راجہ امجد خان، امام حفیظ الرحمٰن چشتی، صاحبزادہ محمدرفیق چشتی، مفتی فضل احمد قادری، میاں اتحاد گڈو سمیت دیگر نے کیا۔ راجہ امجد خان نے کہا کہ احتجاج کا سلسلہ نرم پڑ گیا تو مظلوم کشمیریوں کا کوئی پرسان حال نہ ہوگا، امام حفیظ الرحمٰن چشتی نے کہا کہ جب بھی احتجاج کی کال آئے گی لیسٹر سے کیمونٹی بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی۔ 27اکتوبر کے حوالے سے تیاریاں زوروں پر ہیں۔ حاجی بشیر آرائیں نے کہا کہ ہمیں ذاتی و سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر مظلوم کشمیریوں کیلئے سوچنا ہوگا۔ صاحبزادہ محمد رفیق چشتی نے کہا کہ 27اکتوبر یوم سیاہ کی اپیل پر مساجد افرادی قوت مہیا کرنے میں بنیادی کردار ادا کریں گی۔ میاں اتحاد احمد گڈو نے کہا کہ نوجوان بھرپور کردار ادا کریں گے۔

تازہ ترین