• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینسبری کا آتش بازی کے سامان کی فروخت بند کرنے کا فیصلہ

لندن (پی اے) معروف سٹور چین سینسبری پہلی اہم سپر مارکیٹ بن گئی جس کے برطانیہ بھر میں 2300 سٹورز پر فائرورک کی فروخت بند کر دی جائے گی۔ کمپنی نے کہا ہے کہ اس نے یہ فیصلہ اپنی تمام پروڈکٹس کے باقاعدہ سالانہ جائزہ کے نتیجے میں کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال لوگوں، بچوں اور جانوروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے فائر ورکس کی فروخت پر پابندی کے لئے دائر ایک پٹیشن پر 300000 سے زائد افراد نے دستخط کئے تھے۔ پالتو جانوروں کے مالکان نے سینسبری کے اس فیصلہ کو سراہتے ہوئے اپنی متعدد ٹیوٹس میں دیگر سپرمارکیٹوں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھی اس کی تقلید کریں۔ سینسبری کی ایک خاتون ترجمان نے یہ تفصیل فراہم کرنے سے انکار کردیا کہ آتش بازی کی فروخت پر پابندی کیوں عائد کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں اب سپر مارکیٹ فائر ورکس فروخت نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ تجارتی بنیاد پر حساس ہے۔ ٹیسکو اور ایسڈا نے کہا ہے کہ فائر ورکس کی فروخت جاری رکھیں گے۔ سیوی مارکیٹنگ کی بانی و سی ای او کیتھرائن شٹل ورتھ نے کہا کہ آتش بازی کے سامان کی فروخت حقیقتاً سپر مارکیٹس میں ریٹیل کی فروخت کا ایک مہنگا راستہ ہے۔
تازہ ترین