• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف لوٹن کے زیراہتمام کشمیری نمائندوں کا اجلاس

لوٹن (احتشام الحق قریشی )مقبوضہ کشمیر میں دو ماہ سے زائد جاری طویل کرفیو ،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور تشویش ناک صورتحال کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف لوٹن کے زیراہتمام مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے کشمیریوں کا نمائندہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شریک کشمیریوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کی پر زور مذمت کی۔لیبر پارٹی کے نو منتخب کونسلر آصف مسعود نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ اقوام عالم مسئلہ کشمیر پر اپنا واضح کردار ادا کرے۔ ریاست جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو کی وجہ سے ریاستی عوام خصوصاً بچے،بزرگ اور معذور افراد شدید غذائی قلت کی وجہ سے بڑے پیمانے پر مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔انھوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کشمیر میں ایمرجنسی ڈیکلیئر کر کے لوگوں تک بنیادی ضروریات زندگی کی اشیاء پہنچائی جائیں اور بین الاقومی انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دینی چاہئےتاکہ وہ دنیا تک حقائق کو پہنچائیں جس بھارت کا بہیمانہ چہرہ بے نقاب ہوسکے۔پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے مرکزی رہنما اورکوٹلی حلقہ ایک سٹی سے امیدوار اسمبلی بیرسٹر اسرار احمد ملک نے کہا کہ ہم سب کو اتفاق و اتحاد کے ساتھ تحریک آزادی کشمیر کے لئے کوششیں و کاوشیں کرنا ہوں گی۔دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری و پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے بھارتی سفارتخانوں کے سامنے احتجاج کر رہے ہیں۔بین الاقوامی سطح پر ڈائسپورہ عالمی ضمیر کو بیدار کرنے میں اپنا کردار بھی ادا کر رہی ہے۔ دیگر شرکاء نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مسئلۂ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا جس جرأت مندی ، بیباکی اور دلیری سے وہ دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول کروا رہے ہیں اس سے کشمیریوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ ملک صادق سبحانی،چوہدری محمد فرید،راجہ مشتاق ،ملک پنوں خان،مظہر قریشی،ملک طلعت فیض،راجہ جاوید، راجہ جہانگیر،چوہدری شعیب فرید، چوہدری شوکت علی بھی اجلاس میں شریک تھے۔
تازہ ترین