• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنڈز نہ ملنے کی شکایت، ٹھیکیدار نے سی پیک مغربی روٹ کا کام بند کرنے کا نوٹس دیدیا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سیکرٹری مواصلات جواد رفیق نے پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کو بتایاکہ وفاق کی طرف سے سی پیک مغربی روٹ کیلئے برہان ہکلہ ڈی آئی خان کے پیکج چار اور پانچ پر کنٹریکٹر نے فنڈز نہ ملنے کے باعث کنٹریکٹ ختم کرنے کا نوٹس دیدیا ہے۔

کمیٹی نے ہدایت کی کہ وزارت خزانہ اور منصوبہ بندی ڈویژن سی پیک کے جاری منصوبوں کیلئے ترجیحاتی بنیادوں پر فنڈز جاری کریں ، تاکہ نقصانات اور لاگت میں اضافہ کو روکا جاسکے۔

ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر نور عالم خاں کی زیرصدارت ہوا ، اجلاس میں آڈٹ حکام نے وزارت مواصلات کے مالی سال 2017-18 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا، سیکرٹری مواصلات نے بتایاکہ پی ایس ڈی پی کے تحت وزارت منصوبہ بندی ڈویژن نے رواں مالی سال کے پہلے دوسہ ماہی میں وزارت کیلئے فنڈز جاری نہیں کئے۔

رواں سہ ماہی میں 7ارب روپے جاری کئے جبکہ وزارت کے اخراجات اور ادائیگیاں 20 ارب روپے سے تجاوز کرچکی ہیں، وزارت منصوبہ بندی ڈویژن کو ہرماہ خط بھی لکھ رہے ہیں کہ فنڈز جاری نہ ہونے سے نقصانات اور لاگت میں اضافہ کی ذمہ وزارت خزانہ اور منصوبہ بندی ڈویژن ہونگے۔

وزارت نے ایک سمری میں کہاہے کہ وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی میں این ایچ اے کو ترقیاتی فنڈز بطور کیش ڈویلپمنٹ فنڈ وزارت قبول نہیں کریگی کیونکہ این ایچ اے صرف کمرشل بنیادوں پر منصوبے شروع کریگی، حال ہی میں چینی حکام کیساتھ ملاقات میں مغربی روٹ کے سڑکوں کے منصوبوں کو شامل کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

نیب نے کمیٹی کی طرف سے بھجوائے جانیوالے تین منصوبوں کے بارے بتایا کہ منصوبوں پر انکوائری مکمل کرلی گئی ہے اور تکنیکی بنیادوں پر پیپرا اور پاکستان انجینئرنگ کونسل سے رائے طلب کی گئی ہے جس کا ایک ماہ میں جواب آجا ئیگا۔

کنوینر نے نیب کے نمائندہ سے کہا کہ پی اے سی کی طرف سے بھجوائے جانیوالے کیسز پر پیشرفت سےسیکرٹریٹ کو بھی آگاہ کیا کریں۔

تازہ ترین