• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائمہ کمیٹی توانائی کا اجلاس، صنعتی سیکٹر کو صرف ایل این جی کنکشنز دینے کا فیصلہ

اسلام آباد ( ناصر چشتی،اسرار خان)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی توانائی کے اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ گیس کے نئے کنیکشن صرف درآمد شدہ مائع قدرتی گیس آر ایل این جی کے صنعتی سیکٹر کو دیئے جائیں گےکیونکہ ملک کو گیس کی قلت کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہ حکومت مقامی سطح پر گیس اور تیل کی پیداوار بڑھانے کیلئے کام کررہی ہے۔

وزیر توانائی نے بتایا کہ ایل ٹی لائنز کو کم کرکے ایچ ٹی لائنز بڑھارہے ہیں،بجلی تقسیم کا نظام بہتر کرنے کیلئے 100 ارب روپے خرچ کرینگے، کیسکو کے کل 676 فیڈر میں سے 456 زرعی ہیں، ایکوا کمپنی کو کام کرنے کاکہا ہے،سعودی عرب بلوچستان میں 500 میگاواٹ بجلی پیدا کرنیوالا پلانٹ لگائیگا۔

ملک میں گیس کی پیداوار 3.7 اور طلب 6 ارب مکعب فٹ ہے،وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سال کے اختتام تک تیل و گیس کے چالیس بلاکس کی نیلامی کرینگے،ملک میں متبادل تونائی کو فروغ دیا جا رہا ہے، کوئٹہ گوادرٹرانسمیشن لائن 2021 میں مکمل ہو جائیگی،بلوجستان میں تیل و گیس کے نئے کنوئوں کا معاملہ بھی خوش اسلوبی سے حل ہو جائیگا ۔

کمیٹی نے ہدایت کی کہ کنوئوں کی کھدائی میں ماحولیات پر سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے مزید بتایا کہ مقامی سطح پر گیس کی قیمت 750روپے ایم ایم بی ٹی یو تھی جبکہ درآمد شدہ آر ایل این جی کی قیمت 14سو روپے سے زیادہ تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ پشاور سرکل میں بجلی کی چوری کی روک تھام کیلئے حکومت 30سے 50کلو میٹر ایریل بنڈل کیبل (اے بی سی)کی تنصیب کررہی ہے۔

دریں اثناء مرتضیٰ جاوید عباسی اور وزیر توانائی عمر ایوب میں تلخ کلامی ہوئی ، کمیٹی کااجلاس عمران خٹک کی زیر صدارت ہوا ،مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا میرے حلقے میں پی ٹی آئی کے لوگوں کے کام ہورہے ہیں میں نے سکیموں کیلئے پیسے دیئے ہیں وزیر جاکر افتتاح کررہے ہیں یہ شرم کی بات ہے۔

عمر ایوب نے کہا وفاقی وزیر ہوں جہاں مرضی جائوں گا، مرتضیٰ عباسی نے کہا میرے فیڈرز بند کرکے منسٹر صاحب نےاپنے حلقے میں بجلی دی ہے،دس دس ہزار پولیس والوں کو منگوا کر افتتاح کروایا گیا ہے۔

پاانچ پارٹیوں میں وزیر رہنے والا ہمیں کرپشن کا طعنہ دے رہا ہے، عمرایوب نے کہا آئین و قانون میں حکومت اور ایگزیکٹو کے اختیارات کا تعین کیا ہوا ہے حکومتی رکن نورعالم خان نےکہا میری جاری سکیموں کو خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ نے ڈیلیٹ کیا ہے۔

تازہ ترین