• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ کارساز کے شہداء و زخمی جمہوری ہیرو ہیں،نیئر بخاری، رحمٰن ملک

اسلام آباد،راولپنڈی(وقائع نگار، خصوصی نامہ نگار، اپنے رپورٹر سے) سانحہ کارساز کے جیالے شہدا ءکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کے مرکزی دفتر میں فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا ۔پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی سید نیئرحسین بخاری نے کہا کہ177شہدا 750زخمی ہونیوالے عظیم جیالے ہمارے ماتھے کا جھومر اور قومی جمہوری ہیروز ہیں۔ تقریب میں فرحت اللہ بابر، عامر پراچہ، افتخار شہزادہ ابرار رضوی، رشیدمیر ،سمیرا گل شہزادی ،کوثر گیلانی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ دریں اثناء سینٹ داخلہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ بہادر شہیدوں اور انکے اہل و عیال کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کو لاحق خطرات، دھمکیاں اور بم دھماکے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو اپنے کارکنوں سے دور نہ کر سکے۔پیپلز پارٹی ضلع راولپنڈی کے زیراہتمام شہداء کے ایصال ثواب کیلئے ضلعی آفس لیاقت روڈ میں دعائیہ تقریب ہوئی۔ راجہ عمران اشرف، چوہدری ظہیر محمود، محمد شاہد، رشید میر، سمیرا گل، ناصر میر اور دیگر کارکنوں نے شرکت کی۔
تازہ ترین