• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونیورسٹی میں قومی روایات و اقدار کا جنازہ نکال دیا گیا: پشتونخوا ایس او

کوئٹہ(پ ر) پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ وائس چانسلر کی برطرفی اور بلیک میلنگ سکینڈل میں ملوث اہلکاروں کی گرفتاری سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے ان خیالات کا اظہار پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جنوبی پشتونخوا زون کے سیکرٹری کبیر افغان، یونیورسٹی کے علاقائی سیکرٹری لطیف خان کاکڑ، ڈاکٹر مزمل خان نے بولان میڈیکل یونیورسٹی، یونیورسٹی اور پریس کلب پر احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز یونیورسٹی کے داخلی راستوں پر طلباء و طالبات کو تنگ کرنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کیا گیا ہے، وائس چانسلر کے ایماء پر اب بھی بعض انتظامی افسران وائس چانسلر کے غیر قانونی اقدامات کی پشت پناہی کررہے ہیں جو صوبے کے عوام کے ساتھ سراسر زیادتی کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ یونیورسٹی کی صورتحال کافی عرصے سے خراب تھی اور اس کی نشاندہی کی گئی تھی لیکن وائس چانسلر کی ہٹ دھرمی اور نادیدہ قوتوں کی سرپرستی نے اسے ایک امر میں تبدیل کردیا تھا جس کی وجہ سے یونیورسٹی میں خوف و ہراس کا ماحول قائم ہوا، تعلیمی و انتظامی پوسٹوں پر غیر مسلکی اور من پسند افراد کی تعیناتیوں، سیکورٹی کنٹرول روم اور کیمروں کو جنسی ہراسگی کے استعمال کرنے سے یونیورسٹی میں قومی اقدار و روایات کا جنازہ نکال دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی سیاسی جمہوری پارٹیوں کا فرض ہے کہ وہ یونیورسٹی کی صورتحال کا جائزہ لیں اور اپنی عزت و ننگ و ناموس کی حفاظت کریں اگر سیاسی پارٹیوں نے ان حالات میں بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔

تازہ ترین