• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمکنی میں دوہرے قتل کا ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار

پشاور ( کرائم رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے تھانہ چمکنی کی حدودمیں غیرت کے نام پر مرد عورت کے اندھے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم مقتولہ کا قریبی رشتہ دار ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران دونوں مقتولین کو دھوکہ دہی سے بلا کر تشدد کرنے کے بعد غیرت کے نام پر قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے، ملزم کی نشاندہی پر اس کے قبضہ سے آلہ قتل بھی برآمدکر لی گئی ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے تفصیلات کے مطابق تھانہ چمکنی کی حدودمیں مقتول جواد ولد طارق سکنہ چمکنی اور مسماۃ (ل) کو کسی نامعلوم ملزمان نے قتل کر کے ان کی لاشیں اراضیات میں پھینک دی تھیں، جس پر پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے دہرے اندھے قتل کے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی رورل کیپٹن (ر) علی بن طارق کی سر براہی میں ایس ڈی پی او چمکنی اور ایس ایچ او تھانہ چمکنی واجد خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا ایس ڈی پی او چمکنی کی نگرانی میں ایس ایچ او واجد خان نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے متعدد دیگر افراد کے ساتھ ساتھ مقتولین کے قریبی رشتہ داروں کو بھی شامل تفتیش کیا جس کے دوران مرد اور عورت کے قتل میں ملوث اصل ملزم کا سراغ لگا کر گزشتہ روز ملزم راز گل ولد اطلس خان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم مقتولہ مسماۃ (ل) کا چچا ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران دونوں مقتولین کو دھوکہ دہی کے ذریعے بلا کر تشدد کرنے اور بعد ازاں کلاشنکوف کے ذریعے اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کرنے کا انکشاف کر لیا ہے، ملزم کی نشاندہی پر اس کے قبضہ سے آلہ قتل بھی برآمد کر لی گئی ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
تازہ ترین