• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر کانفرنس میں برٹش پارلیمنٹیرینز نے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا، آسیہ حسین

برمنگھم(پ ر) برٹش پاکستانی وومن سوسائٹی یو کے کی صدر آسیہ حسین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات کے پیش نظر تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام برطانوی پارلیمنٹ میں منعقدہ کشمیر کانفرنس وقت کی اہم ضرورت تھی پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں ممبران پارلیمنٹ نے شرکت کی اور مظلوم اور محکوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا کہ بھارت نے جس طرح کرفیو نافذ کر رکھا ہے اس سنگین صورت میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے، ممبران پارلیمنٹ کا پیغام بھارت اور برطانوی حکومت کے لئے بڑا واضح تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر دو طرفہ نہ بنایا جائے کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی معاہدوں پر عمل درآمد چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا ممبران پارلیمنٹ نے برطانوی حکومت کی بھی توجہ مبذول کرائی ہے کہ خطے میں کشیدگی کا اصل سبب مسئلہ کشمیر ہے جو ستر سال سے التوا میں پڑا ہے کشمیری اپنے جمہوری حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور عالمی امن کے علمبرداروں سے توقع رکھتے ہیں کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے تاکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان امن قائم ہو اور عوام کو خوشحالی نصیب ہو اور جنگ جیسے حالات پیدا نہ ہوں، آسیہ حسین نے کہا کہ کشمیری عوام کو 1947 میں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق مل جاتا تو لاکھوں نہتے انسان بھارت کی دہشت گردی کا نشانہ نہ بنتے، برطانیہ سیکورٹی کونسل کا مستقل ممبر ہونے کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور دیرپا حل کے لئے آگے بڑھ کر اپنا مثبت کردار ادا کرے اور بھارت کو مجبور کیا جائے کہ پاکستان کی طرح بھارت بھی امن اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔
تازہ ترین