• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹر کامرس، بھٹو خاندان کے نام سے قائم 5کالجز کے نتائج انتہائی مایوس کن

کراچی (سید محمد عسکری/ اسٹاف رپورٹر) سندھ میں خراب تعلیمی صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہےکہ صوبائی حکومت کے تحت کراچی میں بھٹو خاندان کے نام سے قائم 5؍ سرکاری کالجز کے انٹر کامرس کے نتائج انتہائی مایوس کن رہے یہ نتائج 20؍ فیصد یا اس سے بھی کم رہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹوگورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کا نتیجہ صرف 1.44فیصد رہا 98.56 فیصد طلبا فیل ہوگئے نصرت بھٹو گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج لیاری کا نتیجہ 6.67فیصد رہا 93.23 فیصد امیدوار ناکام ہوگئے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج کا نتیجہ 17.32فیصد رہا 82.68 فیصد امیدوار ناکام ہوگئے، شہید بینظیر بھٹو گرلز کالج لیاری کا نتیجہ 17.33فیصد رہا 82.67فیصد امیدوار فیل ہوگئے اور دختر مشرق گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج کانتیجہ 20؍ فیصد رہا 80؍ فیصد امیدوار ناکام ہوگئے۔ مجموعی طور پر بھٹو خاندان کے نام سے قائم کالجوں کے 493 امیدواروں سے 443؍ امیدوار ناکام ہوئے اور صرف 50؍ امیدوار کامیاب ہوسکے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ سندھ حکومت میں وزیر تعلیم کا عہدہ خالی ہے۔ سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن احسن علی منگی کے پاس دو عہدے ہیں وہ بنیادی طور پر سیکریٹری سرمایہ کاری ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے محکمہ تعلیم کے ملازمین کے لئے عجب نوٹیفکیشن نکالاتھا جس کے تحت بیرون ملک جانے بالخصوص عمرے اور زیارت پر جانے پر پابندی عائد کردی تھی مگر اس نوٹیفکیشن کے چند روزبعد وہ کسی کو چارج دیئے بغیر بیرون ملک چلے گئے۔ سیکریٹری کالج ایجوکیشن رفیق بڑرو نے اپنے بھائی اورحیوانیات کے اسسٹنٹ پروفیسر منیر احمد برڑوکو ڈپٹی ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن لگادیا۔ سیکریٹری بورڈز و یونیورسٹیز ریاض الدین پرانٹرمیڈیٹ بورڈ کی نتائج سے تبدیلی سے متعلق رپورٹس دبانے اور ملوث افسر کو مستقل کرنے اور میٹرک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین کی بیماری سے متعلق غلط سمری بھیج کر ہٹانے کی کوشش کے الزامات کاسامنا ہے۔
تازہ ترین