• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سر کی چوٹ کے مریض کو2گھنٹے میں انجکشن دینے سے جان بچ سکتی ہے

لاہور(جنرل رپورٹر )میڈیکل کے شعبے میں بڑی تحقیق سامنے آ گئی ہے جس کے مطابق لرنر سکول آف ہائی جین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن کے زیر اہتمام دنیا بھر کے29ممالک میں 7برسوں تک 12737مریضوں پر تجربات کئے گئے جن میں سے پاکستان کے4567مریض شامل تھے اور ان میں سے 2500مریضوں کا تعلق صرف پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز لاہور جنرل ہسپتال سے تھا جن پر کی گئی تحقیق سے یہ حقیقت سامنے آئی کہ اگر سر پر چوٹ لگنے کی صورت میں مریض کو 2گھنٹے کے اندر اندر ٹرانزمک ایسڈ کے سالٹ کا انجکشن دے دیا جائے تو اُس میں شرح اموات میں 20فیصد کمی واقع ہو سکتی ہے۔ اس ریسرچ میں پروفیسر خالد محمود پروفیسر، رضوان مسعود بٹ اور پروفیسر آصف بشیر اور اُن کی ٹیم نے حصہ لیا۔اس حوالے سے پی آئی این ایس کے سربراہ نیور و سرجن پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 2012میں شروع ہونے والی یہ ریسرچ اس سال 7برسوں کے بعد مکمل ہوئی ہے اور یہ امر کھل کر واضح ہوا ہے کہ اگر ہیڈ انجری کے کیس میں ایسے مریض جو اپنے ہاتھ پاؤں ہلا سکتے ہوں یا بات کا جواب دے سکتے ہوں تو سر پر چوٹ لگنے کی صورت میں 2گھنٹوں کے اندر ٹرانزمک ایسڈ کا انجکشن دینا چاہیے تاکہ اُن کی جان بچائی جا سکے،پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے زور دے کر کہا کہ اس امر کی سفارش کی جائے گی کہ1122اور دیگر ایمبولینسوں میں اس انجکشن کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ حادثے کی صورت میں مریض کو ہسپتال تک لانے اور ہیڈ سرجری کے عمل تک پہنچنے کے وقت کو بچایا جا سکے اور ان مریضوں میں شرح اموات کو کم سے کم کیا جا سکے، پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ اس حوالے سے آگاہی پیدا ہونا ضروری ہے تاکہ ایمبولینسوں میں انجلشن کی فراہمی جلد از جلد عمل میں لائی جائے ۔
تازہ ترین